سیکیورٹی فورسز کی کیچ میں کارروائی، شدید فائرنگ کا تبادلہ

راولپنڈی(پی این آئی)سیکیورٹی فورسز کی کیچ میں کارروائی، شدید فائرنگ کا تبادلہ۔۔۔۔۔۔سیکیورٹی فورسز کی بلوچستان کے ضلع کیچ میں کارروائی کے دوران 3 دہشت گرد مارے گئے جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں 5 فوجی اہلکار شہید ہوگئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق 13 جنوری کو ضلع کیچ کے علاقے بلیدہ میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران دہشتگردوں نے فورسز کی گاڑی پر دیسی ساختہ دھماکا خیز مواد سے حملہ کیا۔

دھماکے کے بعد دہشتگردوں کے ساتھ شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا اور سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے ٹھکانوں مؤثر انداز میں نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں 3 دہشتگردوں کو جہنم واصل کر دیا گیا۔آئی ایس پی آر نے بتایا کہ کارروائی کے دوران دہشتگردوں کی فائرنگ سے پاک فوج کے 5 جوانوں نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق شہید اہلکاروں میں پنجاب کے شہر ساہیوال سے تعلق رکھنے والے 23 سالہ سپاہی ٹیپو رزاق، کراچی سے تعلق رکھنے والے 24 سالہ سپاہی سنی شوکت، ضلع لسبیلہ سے تعلق رکھنے والے 23 سالہ سپاہی شفیع اللہ، اورکزئی سے تعلق رکھنے والے 25 سالہ لانس نائیک طارق علی اور ضلع میانوالی سے تعلق رکھنے والے 25 سالہ سپاہی محمد طارق خان شامل ہیں۔آئی ایس پی آر کا مزید کہنا ہے کہ علاقے میں دیگر دہشتگردوں کی موجودگی ختم کرنے کے لیے سیکیورٹی فورسز کی جانب سے کارروائی جاری ہے، پاکستان کی مسلح افواج قوم کے ساتھ مل کر بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کی کوششیں ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔

ہمارے بہادر جوانوں کی ایسی قربانیوں سے ہمارا عزم مزید مضبوط ہوتا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں