پی ٹی آئی کے ٹکٹوں کا اعلان، کن کو ٹکٹ نہ ملا؟

اسلام آباد(پی این آئی) پاکستان تحریک انصاف نے قومی اسمبلی کے امیدواروں کی فہرست جاری کردی ہے۔ فہرست میں بانی چیئرمین عمران خان کا نام شامل نہیں ہے۔

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ نہیں کی گئی۔ جمعے کو پاکستان تحریک انصاف کے میڈیا سیل کی جانب سے جاری فہرست کے مطابق قومی اسمبلی کے 233 امیدواروں کا اعلان کیا گیا ہے جبکہ 33 نشستوں پر تاحال کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ نو مئی کے واقعات کے بعد تحریک انصاف کی قیادت اور پارٹی پالیسیوں پر تنقید کرنے والے پارٹی رہنماؤں کو ٹکٹوں سے محروم رکھا گیا ہے۔ راولپنڈی میں عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ نہیں کی گئی اور ان کے مقابلے این اے 56 میں شہریار ریاض جبکہ این اے 57 میں سیمابیہ طاہر کو کو ٹکٹ جاری کیا گیا ہے۔

راولپنڈی کے حلقے این اے 55 سے راجا بشارت تحریک انصاف کے ٹکٹ پر الیکشن لڑیں گے۔ این اے 53 سے اجمل صابر اور این اے 54 سے ملک تیمور مسعود پی ٹی آئی کا ٹکٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔ عمران خان کے حلقے این اے 89 میانوالی 1 سے جمال احسن خان جبکہ این اے 90 میانوالی 2 سے عمیر خان نیازی کو ٹکٹ دیا گیا ہے۔ این اے 130 لاہور میں ڈاکٹر یاسمین راشد مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کا مقابلہ کریں گی جبکہ مریم نواز کے حلقے این اے 119 سے تاحال امیدوار کا اعلان نہیں کیا گیا۔ تحریک انصاف نے این اے 118 لاہور میں حمزہ شہباز کے مقابلے میں عالیہ حمزہ کو ٹکٹ دے دیا گیا ہے۔

این اے 127 میں بلاول بھٹو زرداری اور عطا تارڑ کے مقابلے میں ظہیر عباس کھوکھر کو تحریک انصاف کی جانب سے ٹکٹ جاری کیا گیا ہے۔ این اے 71 سیالکوٹ کے حلقے میں سابق وزیر دفاع خواجہ آصف کے مقابلے میں عثمان ڈار کی والدہ ریحانہ ڈار کو پی ٹی آئی کا ٹکٹ مل گیا ہے۔ چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان این اے 10 بونیر سے الیکشن لڑیں گے جبکہ شیرافضل مروت کو این اے 41 لکی مروت سے میدان میں اتریں گے۔ این اے 18 ہری پور سے تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل عمر ایوب خان انتخابات میں حصہ لیں گے۔ لاہور کے حلقہ این اے 122 سے سردار لطیف کھوسہ جبکہ این اے 128 سے سلمان اکرم راجا تحریک انصاف کے ٹکٹ پر الیکشن لڑیں گے۔

اسلام آباد کے حلقے این اے 46 سے عامر مسعود مغل، این اے 47 سے شعیب شاہین ایڈووکیٹ اور این اے 48 سے علی بخاری کو ٹکٹ جاری کیا گیا ہے۔ چکوال کے حلقہ این اے 58 سے سینیئر صحافی اور سابق رکن قومی اسمبلی ایاز امیر کو ٹکٹ دیا گیا ہے۔ این اے 151 سے شاہ محمود قریشی اور ان کی صاجزادی مہربانو کو پارٹی ٹکٹ جاری کیا گیا۔ شاہ محمود قریشی این اے 214 تھرپارکر 1 سے بھی الیکشن لڑیں گے۔ این اے 150 ملتان سے شاہ محمود قریشی کے صاحبزادے زین قریشی تحریک انصاف کے امیدوار ہوں گے۔ تحریک انصاف کے صدر اور سابق وزیراعلٰی پنجاب چودھری پرویز الٰہی اور ان کی اہلیہ قیصرہ الٰہی کے کاغذات مسترد ہونے کے باعث انہیں ٹکٹ جاری نہیں کیے گئے۔ تاہم گجرات کے حلقہ این اے 65 گجرات 4 پر تاحال کسی امیدوار کے نام کا اعلان نہیں کیا گیا۔

پی ٹی آئی نے این اے 49 اٹک 1 سے میجر ریٹائرڈ طاہر صادق اور این اے 50 اٹک 2 سے ان کی صاحبزادی ایمان طاہر کو ٹکٹ جاری کردیا ہے۔ جہلم میں سابق وزیر اطلاعات فواد چودھری کو بھی تحریک انصاف نے ٹکٹ جاری نہیں کیا۔ این اے 60 جہلم 1 سے حسن عدیل ایڈووکیٹ جبکہ این اے 61 جہلم 2 سے غلام مصطفٰی کنوال کو ٹکٹ دیا گیا ہے۔ این اے 44 ڈیرہ اسماعیل خان سے سابق وفاقی وزیر علی امین گنڈاپور کو تحریک انصاف کا امیدوار نامزد کیا گیا ہے۔ سابق وفاقی وزیر شہریار آفریدی این اے 35 کوہاٹ سے تحریک انصاف کے ٹکٹ پر عام انتخابات میں حصہ لیں گے۔

این اے 19 صوابی 1 سے سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور این اے 20 صوابی 2 سے سابق صوبائی وزیر شہرام خان تراکئی امیدوار نامزد کیے گئے ہیں۔ قومی اسمبلی کے حلے این اے 22 مردان 2 سے سابق صوبائی وزیر عاطف خان اور این اے 30 پشاور 3 سے شاندانہ گلزار خان کو پارٹی ٹکٹ جاری کیا گیا ہے۔ پی ٹی آئی نے این اے 4 سوات 3 سے سابق وفاقی وزیر مراد سعید اور کمال خان ایڈووکیٹ کو امیدوار نامزد کیا ہے۔ این اے 104 فیصل آباد 10 سے پارٹی کے منحرف رکن قومی اسمبلی راجا ریاض کے مقابلے میں پی ٹی آئی نے صاحبزادہ حامد رضا کو میدان میں اُتارا ہے۔

این اے 108 جھنگ 1 سے صاحبزادہ محبوب سلطان، این اے 109 جھنگ 2 سے شیخ وقاص اکرم اور این اے 110 جھنگ 3 سے صاحبزادہ احمد سلطان کو پی ٹی آئی کا ٹکٹ مل گیا ہے۔ تحریک انصاف نے این اے 112 ننکانہ سے سابق وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ کو ٹکٹ جاری کیا ہے۔ کراچی کے حلقے این اے 238 سے حلیم عادل شیخ جبکہ این اے 232 کراچی سے ان کے بھائی علیم عادل شیخ پی ٹی آئی کے امیدوار ہوں گے۔ حلقہ این اے 241 کراچی سے سابق رکن صوبائی اسمبلی خرم شیر زمان کو ٹکٹ دیا گیا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close