اسلام آباد (پی این آئی) پاکستان مسلم لیگ( ن) کے سینیئر رہنما اور منشور کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر عرفان صدیقی نے ٹکٹ سے محروم رہنے والے پارٹی رہنماؤں کو خوشخبری سنادی اور کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن )کے جن اراکین کو ٹکٹ نہیں دیئے جارہے، انہیں سینیٹ اور بلدیاتی انتخابات میں ایڈجسٹ کیا جائے گا۔
استحکام پاکستان پارٹی کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ سے متعلق ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ انتخابات کے دوران ضروریات کے تحت سیاسی جماعتیں اس طرح کی ایڈجسٹمنٹ کرتی رہی ہیں، یہاں تک کہ ایک دوسرے کی حریف جماعتیں بھی ایڈجسٹمنٹ کرتی رہی ہیں۔اسی پروگرام کا حصہ رہنے والے عرفان صدیقی کا کہنا تھا کہ بالکل یہ بات درست ہے کہ ایسی ایڈجسٹمنٹ کے منفی نتائج بھی ہوتے ہیں اور ہم ماضی میں بھی ایسے نتائج بھگت چکے ہیں۔
پارٹی کے دیرینہ کارکنان کو نظرانداز کرکے نئے شامل ہونے والوں کو ٹکٹیں دینے سے متعلق ایک سوال پر ن لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ اگر ہم نے کسی سے کوئی کمٹنٹ کی ہے اور اسے پورا نہیں کرتے تو اس کے بھی منفی اثرات ہیں اور میرا نہیں خیال کہ یہ کسی ذمہ دار سیاسی جماعت کا وطیرہ ہو سکتا ہے کہ پہلے وعدے کرے اور پھر اس سے مکر جائے۔پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رہنما پیپلز پارٹی عبدالقادر مندوخیل نے دعویٰ کیا کہ شہباز شریف کے مقابلے میں حلقہ این اے 242 میں تحریک انصاف کے ووٹر بھی انہیں ووٹ دیں گے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں