اسلام آباد (پی این آئی) الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کا انتخابی نشان “بلا” پی ٹی آئی نظریاتی کو الاٹ کر دیا، ای سی پی کی جانب سے 145 سیاسی جماعتوں اور 177 آزاد امیدواروں کے انتخابی نشانات کی فہرست ریٹرننگ افسران کو بھجوا دی۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن کی جانب سے 8 فروری کو شیڈول ملک کے عام انتخابات کیلئے سیاسی جماعتوں کو انتخابی نشان الاٹ کر دیے گئے ہیں۔الیکشن کمیشن نے 8فروری کو شیڈول عام انتخابات 2024کیلئے امیدواروں کے انتخابی نشانات آر اوز کو بھجوا دئیے ۔ ریٹرنگ آفیسرز الیکشن کمیشن کی طرف سے دئیے جانے والے انتخابی نشان 13جنوری کو الاٹ کریں گے ۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے پاکستان مسلم لیگ ن کو شیر ، پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرین کو تیر، استحکام پاکستان پارٹی کو عقاب اور پاکستان تحریک انصاف نظریاتی کو بلے باز کا نشان الاٹ کیا گیا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹیرین کو پگڑی اور پاکستان مسلم لیگ جناح کو سائیکل، پاکستان پیپلزپارٹی کو تلوار اور ایم کیو ایم کو موم بتی، متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کو پتنگ کا نشان الاٹ کیا گیا ہے۔ اسی طرح جمعیت علمائے اسلام پاکستان کو کتاب، بلوچستان نیشنل پارٹی کو کلہاڑی، جماعت اسلامی پاکستان کو ترازو، تحریک لبیک پاکستان کو کرین اور پاکستان عوامی پارٹی کو انسانی آنکھ کا نشان الاٹ کیا گیا ہے۔جبکہ آزاد امیدواروں کیلئے 177 انتخابی نشان بھی مختص کیے گئے ہیں۔ دوسری جانب تحریک انصاف کو بلا کا انتخابی نشان الاٹ کرنے کے کیس میں پشاور ہائیکورٹ نے منگل کے روز ہوئی سماعت کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا۔
پشاور ہائیکورٹ کی جانب سے کیس کا فیصلہ بدھ کو سنائے جانے کا امکان ہے۔ جبکہ سپریم کورٹ نے بھی تحریک انصاف کو انتخابی نشان الاٹ کرنے کا کیس بدھ 10 جنوری کو سماعت کیلئے مقرر کر دیا۔ چیف جسٹس قاضی فائز عیسٰٰی کی سربراہی میں جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس مسرت ہلالی پر مشتمل بینچ پی ٹی آئی کی درخواست پر سماعت کرے گا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں