کیا عمران خان نے الیکشن کمیشن کے دھمکی دی؟ فواد چوہدری نے صحافیوں سے گفتگو میں بتا دیا

اسلام آباد(پی این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے سابق رہنما فواد چوہدری نے بانی چئیرمین پی ٹی آئی کے مبینہ طور پر الیکشن کمیشن حکام کو دھمکی دینے کی خبروں کی تردید کی ہے۔

انہوں نے آج صحافیوں سے کمرہ عدالت میں غیر رسمی گفتگو کی۔صحافی نے سوال کیا کہ توہین الیکشن کمیشن سماعت میں آپ بھی موجود تھے کیا عمران خان نے الیکشن کمیشن کو دھمکی دی تھی ؟فواد چوہدری نے کہا کہ عمران خان نے کہا تھا 90 دن میں الیکشن نا کرانے پر سپریم کورٹ کے جسٹس اطہر من اللہ نے نوٹ لکھا ہے ،سپریم کورٹ نے لکھا ہے کہ جنہوں نے آئین توڑا ان پر آرٹیکل چھ لگنا چاہیے۔ عمران خان نے ممبر الیکشن کمیشن سندھ سے کہا کہ آپ کے خلاف جوڈیشل کونسل میں ریفرنس پینڈنگ پڑا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس سے متعصب اور بےایمان الیکشن کمیشن کبھی نہیں دیکھا۔ صحافی نے سوال کیا کہ کیا جیل سے بانی پی ٹی آئی کے دی اکانومسٹ کے کالم لکھنے کی بات درست ہے؟ انہوں نے کہا کہ مجھے وہ تو نہیں پتہ لیکن دوران سماعت وکلا کو نوٹس دے سکتے ہیں وہ یقینا لکھوایا ہو گا۔ خیال رہے کہ بانی پی ٹی آئی کہہ چکے ہیں کہ میں عالمی جریدے میں چھپنے والے کالم کی ذمہ داری لیتا ہوں۔

کمرہ عدالت میں گذشتہ روز بانی پی ٹی آئی نے صحافیوں سے مختصر گفتگو کی۔ ایک صحافی نے عمران خان سے سوال کیا کہ دی اکانومسٹ میں چھپنے والا آرٹیکل آپ نے ہی لکھا تھا تو انہوں نے جواب دیا کہ میں بین الاقوامی جریدے میں چھپنے والے کالم کی ذمہ داری لیتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ میں نے کالم سے متعلق زبانی ہدایات دی تھیں، ان گائیڈ لائنز کے نتیجے میں ہی آرٹیکل لکھا گیا اور چھاپا گیا، میں نے آرٹیکل زبانی ڈکٹیٹ کروایا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ آئندہ ہفتے میری ایک تقریر بھی سوشل میڈیا پر آجائے گی، آج کل مصنوعی ذہانت کا زمانہ ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close