عمران خان کا سپریم کورٹ کے تاحیات نااہلی ختم کرنے کے فیصلے پر حیران کن ردِعمل آگیا

راولپنڈی (پی این آئی) بانی چیئرمین پی ٹی آئی اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے تاحیات نااہلی ختم کرنے کے فیصلے پر بات نہیں کروں گا۔

اڈیالہ جیل میں توشہ خانہ اور 190ملین پاؤنڈ ریفرنسز میں ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کے موقع پر بانی پی ٹی آئی عمران خان نے کمرہ عدالت میں صحافیوں سے غیررسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ توشہ خانہ کیس میں میرے خلاف ایک آفس بوائے کو وعدہ معاف گواہ بنایا گیا، کیا میں آفس بوائے کے ذریعے اربوں روپے کی کرپشن کروں گا؟بانی پی ٹی آئی نے ایک سوال ”سپریم کورٹ نے تاحیات نااہلی ختم کردی ہے، اس پر کیا کہیں گے؟ “ کے جواب میں کہا کہ سپریم کورٹ کے تاحیات نااہلی ختم کرنے کے فیصلے پر بات نہیں کروں گا۔

اسی طرح بانی پی ٹی آئی نے ایک اور سوال ”تاحیات نااہلی ختم ہونے سے ہوسکتا ہے مستقبل میں آپ کو بھی فائدہ پہنچے؟ “ کے جواب میں کہا کہ اس پر کچھ نہیں کہوں گا۔انہوں نے کہا کہ میرے مخالفین پر جو کیس بنائے گئے تھے وہ ہم نے نہیں بنائے تھے پہلے کے بنے تھے۔ بانی پی ٹی آئی نے ”شیخ رشید کے خلاف امیدوار کھڑا کریں گے؟ “ کے سوال کے جواب میں کہا کہ یہ فیصلہ ہماری سیاسی ٹیم کرے گی کون سا امیدوار کہاں کھڑا کرنا ہے۔

واضح رہے اڈیالہ جیل میں آج بانی پی ٹی آئی کی توشہ خانہ اور 190ملین پاؤنڈ ریفرنسز میں ضمانت کی درخواستوں پر سماعت ہوئی، احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے محفوظ فیصلہ سنا دیا ہے۔ احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے توشہ خانہ اور 190ملین پاؤنڈ ریفرنسز میں ضما نت کی درخواستیں مسترد کردی ہیں۔ توشہ خانہ ریفرنس میں سماعت 11 جنوری تک ملتوی کردی گئی، نیب آئندہ سماعت پر توشہ خانہ ریفرنس میں 12گواہان پیش کرے گا۔

اسی طرح 190ملین پاؤنڈ میں فرد جرم کیلئے 17جنوری کی تاریخ مقرر کردی گئی ہے۔ مزید برآں بانی چیئرمین تحریک انصاف کے خلاف توشہ خانہ ریفرنس میں نیب گواہان کی فہرست بھی سامنے آگئی ہے۔ فہرست کے تحت نیب توشہ خانہ ریفرنس میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے خلاف عدالت میں 20 گواہان پیش کرے گا۔ نیب نے بانی پی ٹی آئی اور سابق وزیراعظم کے ملٹری سیکرٹری اور ڈپٹی ملٹری سیکرٹری بھی گواہان میں شامل کرلیا ہے، ڈپٹی قونصلیٹ جنرل دبئی رحیم اللہ، توشہ خانہ کے سیکشن افسران اورپی ایم آفس کے اسسٹنٹ سیکرٹری پروٹوکول زاہد سرفراز بھی گواہان میں شامل ہیں۔

فہرست میں ایک وعدہ معاف گواہ بھی شامل کیا گیا ہے۔ توشہ خانہ تحفے کا پرائیویٹ تخمینہ لگانے والے صہیب عباسی بطور وعدہ معاف گواہ پیش ہوں گے۔ دوسری جانب یاد رہے کہ احتساب عدالت نے توشہ خانہ کیس میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی پر فرد جرم عائد کردی ہے۔ بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی نے صحت جرم سے انکار کردیا۔ احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے اڈیالہ جیل میں توشہ خانہ کیس کی سماعت کی۔

عدالت نے ملزمان کو کمرہ عدالت میں چارج شیٹ پڑھ کر سنائی ۔ چارج شیٹ سننے کے بعد ملزمان نے صحت جرم سے انکارکردیا، فرد جرم کے وقت بانی چئیرمین پی ٹی آئی اور اہلیہ بشری بی بی وکلاء کے ہمراہ کمرہ عدالت میں موجود تھے ۔ عمران خان توشہ خانہ کیس میں ٹرائل کورٹ کے فیصلے کی معطلی کیلئے پھر سپریم کورٹ سے رجوع کرچکے ہیں۔ بانی پی ٹی آئی کے وکلاء نے سپریم کورٹ رجسٹرار آفس کے اعتراضات ختم کرکے دوبارہ اپیل دائر کردی ہے۔ بانی پی ٹی آئی نے اپیل میں استدعا کی کہ توشہ خانہ کیس میں ٹرائل کا فیصلہ معطل کیا جائے۔

ٹرائل کورٹ کے جج ہمایوں دلاور نے توشہ خانہ کیس میں بانی پی ٹی آئی کو تین سال قید اور ایک لاکھ روپے جرمانہ کی سزا سنائی تھی۔اپنے فیصلے میں جج نے کہا تھا کہ توشہ خانہ کیس میں بانی پی ٹی آئی پر الزامات ثابت ہوتے ہیں، ان پر جھوٹے اثاثے ظاہر کرنے کا الزام ثابت ہوا۔انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو 3سال کی سزا سنائی جاتی ہے، ان کے گرفتاری کے وارنٹ نکالے جاتے ہیں اور ان پر ایک لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا جاتا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close