بلاول بھٹو نے سپریم کورٹ کا تاحیات نااہلی ختم کرنے کا فیصلہ جمہوریت کیلئے اچھا قرار دیدیا

کراچی (پی این آئی) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ نوازشریف اور بانی چیئرمین پی ٹی آئی دونوں کیلئے اچھا ہے۔

سپریم کورٹ کا فیصلہ جمہوریت کیلئے اچھا ہے، نوازشریف اہل ہونے پر خوش ہورہے ہیں، 5 سال بعد چیئرمین پی ٹی آئی بھی اہل ہوں گے،نئی حکومت کا مقصد اگر مخالفین کو جیل میں ڈالنا ہوگا تو ملک نہیں چلے گا۔ انہوں نے اے آروائی نیوز کو اپنے انٹرویو میں کہا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ نوازشریف اور بانی چیئرمین پی ٹی آئی دونوں کیلئے اچھا ہے، سپریم کورٹ کا فیصلہ جمہوریت کیلئے اچھا ہے۔ نوازشریف اہل ہونے پر خوش ہورہے ہیں، نوازشریف اہل ہوئے ہیں یا نہیں یہ بات وکلاء بتا سکتے ہیں،5 سال بعد چیئرمین پی ٹی آئی بھی اہل ہوں گے۔

نئی حکومت کا اگر مقصد یہ ہوگا کہ مخالفین کو جیل میں ڈالنا ہے تو ملک نہیں چلے گا، سیاستدان ہی سیاست کرتے بزرگ ہوگئے ہیں کیا آخری اننگز میں بھی یہ کریں گے۔ ابھی الیکشن نہیں ہوئے نہیں بتاسکتا کہ نوازشریف سلیکٹڈ ہیں یا نہیں ،نوازشریف کو اندازہ ہے کہ وہ چوتھی بار وزیراعظم بنیں گے۔نوازشریف کو یقین ہوتا تو وہ انتخابی مہم چلا رہے ہوتے، نوازشریف کا چہرہ اترا ہوا ہے ایسا نہیں لگ رہا کہ وہ وزیراعظم بنیں گے، نوازشریف وزیراعظم بنیں گے تو ایک مسکراہٹ ہی کردیتے۔اس الیکشن میں بھی اتنی ہی گڑ بڑ ہورہی ہے جتنی ماضی میں ہوتی رہی ہے۔ خواہش تھی کہ آئندہ الیکشن ماضی کے الیکشن کی نسبت بہتر ہوتے لیکن ہم ناکام رہے۔

گزشتہ الیکشنز میں بھی پریس کانفرنس ہوتی تھی اور کہا جاتا تھا کہ وکٹ گرا دی۔ پی ٹی آئی کیلئے شاید نیا ہے لیکن کاغذات نامزدگی مسترد ہوناماضی میں بھی ہوتا رہا ہے، 2013میں اس سے زیادہ کاغذات مسترد ہوئے تھے۔ ماضی میں پیپلزپارٹی کی انتخابی مہم کو سبوتاژ کرنے کیلئے یوسف رضا گیلانی کے بیٹے کو اغواء کرایا گیا۔ 2013 کے الیکشن سے پہلے پیپلزپارٹی انتخابی مہم نہیں چلاسکی تھی۔ 21اکتوبر کے جلسے کے بعد تین مہینے گزر چکے ہیں لیکن ن لیگ عوام کے پاس نہیں جارہی، اگر ہوتا تو وہ دنیا کو بھی دکھاتے کہ ہمارے ساتھ بھی لوگ ہیں، نوازشریف خود کو چوتھی بار کا وزیراعظم کہہ رہا ہے وہ ابھی تک گھر سے نہیں نکلے ہیں۔

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا 8 فروری کو الیکشن ہوں گے، نوازشریف کو بھی پتا ہے، باقی مہم چلا نا نہ چلا نا ان کی مرضی ہے۔ اداروں میں مداخلت اور سیاست نہیں ہونی چاہئے، 9مئی کے واقعات پر کہا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے خود کو بند گلی میں داخل کرلیا ہے، ماضی میں کہا تھا کہ ایسا نہ ہو کہ پاکستان کی سیاست بند گلی میں چلی جائے۔ذوالفقار بھٹو نے راولپنڈی جلسے میں کوئی سائفر نہیں لہرایا تھا ، ذوالفقار بھٹو نے کہا تھا قومی راز میرے ساتھ قبر میں جائیں گے۔ بانی پی ٹی آئی نے سائفر لہرا کر قوم کو بے وقوف بنایا۔ نئی حکومت کا مقصد اگر مخالفین کو جیل میں ڈالنا ہوگا تو ملک نہیں چلے گا۔

close