پشاور(پی این آئی)علی محمد خان کے کاغذات نامزدگی درست قرار دے دیے گئے۔
علی محمد خان پر کاغذات نامزدگی جمع کراتے وقت پارٹی ٹکٹ نہ لگانے پر اعتراض اٹھایا گیا تھا۔ تفصیلات کے مطابق الیکشن ٹربیونل نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وزیر مملکت علی محمد خان کے کاغذات درست قرار دے دیے۔ الیکشن کمیشن کے وکیل نے کہا کہ پارٹی ٹکٹ پہلے جمع کرانا لازمی نہیں، 12 جنوری تک جمع کرایا جاسکتا ہے۔ الیکشن ٹربیونل پشاور کے جج جسٹس وقار احمد نے محمد خان کے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کیخلاف اپیل پر سماعت کی۔
وکیل نے کہا کہ علی محمد خان پر کاغذات نامزدگی جمع کراتے وقت پارٹی ٹکٹ نہ لگانے پر اعتراض اٹھایا گیا۔ ادھر پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے الیکشن ٹریبونل کے فیصلے کے خلاف لاہور ہائیکورٹ جانے کا اعلان کردیا۔ سابق وزیر خارجہ کے وکلاء نے الیکشن ٹریبونل کے فیصلے کو لارجر بنچ میں چیلنج کرنے کی تیاری شروع کر دی اور امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ شاہ محمود قریشی کے وکلاء کل اپیل دائر کریں گے، شاہ محمود قریشی اپنے آبائی حلقے ملتان سے ہر صورت الیکشن لڑنا چاہتے ہیں، تاہم ایپلٹ ٹریبونل نے پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے کاغذات نامزدگی گزشتہ روز مسترد کردیئے تھے جس کے بعد وہ الیکشن لڑنے کیلئے نااہل ہو گئے ہیں۔
بتایا جارہا ہے کہ ملتان کے ایپلٹ ٹریبونل کے جج جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر نے اپیلوںپر فیصلہ سنایا جس میں انہوں نے پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کی آر او کی جانب سے کاغذات نامزدگی مسترد کیے جانے کے خلاف دائر اپیل مسترد کردی تھی، شاہ محمود قریشی کی جانب سے این اے 150 ، 151 اور پی پی 218 ، پی پی 219 میں کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کی اپیلیں دائرکی گئی تھیں جنہیں ٹریبونل نے مسترد کردیا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں