اسلام آباد (پی این آئی ) پاکستان پیپلزپارٹی کے سینئر رہنماء نبیل گبول نے خبردار کیا ہے کہ الیکشن اگر8 فروری کو نہ ہوئے تو پھر اگلے 5 سال الیکشنز کو بھول جائیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم مولانا فضل الرحمان کی زندگی بارے فکرمند ہیں لیکن ایسی لائف تھریٹس ہم سب کو ہیں، اگر مولانا فضل الرحمان کی زندگی کو خطرہ ہے تو ہمیں بھی ان کی فکر ہے لیکن ایسا خطرہ تو بے نظیر بھٹو شہید کو بھی تھا، ان کو چار مختلف ممالک کی خفیہ ایجنسیوں نے آ گاہ کیا تھا کہ آپ پاکستان نہ جائیں کیوں کہ وہاں آپ کی جان کو خطرہ ہے لیکن ان تمام تر خطرات کے باوجود وہ ملک واپس تشریف لائی تھیں۔
سنو ٹی وی کے پروگرام برعکس میں گفتگو کرتے ہوئے نبیل گبول کا کہنا تھا کہ مجھے بتائیں کہ 8 فروری کو الیکشن کیوں نہیں ہوگا؟ کیا جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کو سردی لگ رہی ہے اس لئے اس کا انعقاد نہیں ہوگا؟ پوری دنیا میں موسم سرما کے دوران الیکشن کا انعقاد ہوتا ہے، اگر مولانا فضل الرحمان کی زندگی کو خطرہ ہے تو وہ باہر نہ نکلیں، ان کی پارٹی جے یو آئی (ف) کافی مضبوط ہے، ان کے لوگ انتخابی مہم چلائیں وہ خود نہ نکلیں لیکن صرف ایک شخص کی وجہ سے ملک میں الیکشن کا التوا نہیں کیا جا سکتا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں