اسلام آباد (پی این آئی) سینیٹ میں انتخابات معطلی کی قرارداد کے حق میں ووٹ دینے پر پیپلزپارٹی نے بہرامند تنگی سے جواب طلب کرلیا ہے۔
اعلامیہ پیپلزپارٹی کے مطابق سینیٹ میں انتخابات معطلی کی قرارداد کے حق میں ووٹ دینے پر پیپلزپارٹی نے بہرامند تنگی کو شوکاز نوٹس جاری کردیا، سینیٹر بہرامند تنگی کو نوٹس سیکرٹری جنرل پیپلزپارٹی نیئرحسین بخاری نے جاری کیا۔ شوکاز نوٹس اعلی قیادت کی ہدایت پر سیکرٹری جنرل نیر بخاری نے جاری کیا۔ شوکاز نوٹس کے متن میں کہا گیا کہ آپ نے پارٹی لیڈرشپ کی ہدایات اور پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی کی۔ آپ کو معلوم ہے 8 فروری کو انتخابات کیلئے پارٹی پرعزم ہے، اس کے باوجود آپ نے قرارداد کی حمایت کیوں کی؟ نوٹس میں پیپلزپارٹی نے سینیٹر بہرا مند تنگی سے ایک ہفتے میں جواب طلب کیا ہے۔
ایک ہفتے میں جواب نہ آیا تو انضباطی کاروائی کی جائے گی۔ یاد رہے سینیٹ میں 8 فروری کو ہونے والے انتخابات معطل کرنے کے حوالے سے قرارداد کثرت رائے سے منظور کرلی گئی ہے، قرارداد میں مئوقف اپنایا گیا ہے کہ سکیورٹی حالات انتہائی خراب ہیں ، مختلف علاقوں میں موسم سرما انتہا پر ہے، بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں حالات کشیدہ ہیں، فروری میں ہونے والے انتخابات کو ملتوی کیا جائے۔ قرارداد خیبرپختونخوا سے تعلق رکھنے والے آزاد سینیٹر دلاور خان نے پیش کی۔
دوسری جانب الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سینیٹ میں منظور ہونے والی قرارداد میں اپنے ردعمل میں کہا کہ عام انتخابات 8 فروری کو ہی ہونگے، سینیٹ کی قرارداد کا الیکشن شیڈول پر کوئی اثر نہیں پڑیگا۔ ذرائع الیکشن کمیشن کے مطابق سپریم کورٹ کے احکامات کے علاوہ کوئی حکم الیکشن پر اثرانداز نہیں ہوسکتے ۔ ہم الیکشن کیلئے پوری طرح تیار ہیں اور تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں اب اس موقع پر الیکشن ملتوی کرنے کا کوئی جواز نہیں ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں