کوئٹہ (پی این آئی) بلوچستان نیشنل پارٹی مینگل گروپ کے سربراہ سردار اختر مینگل کو اپیلیٹ ٹربیونل نے الیکشن میں حصہ لینے کی اجازت دے دی۔
الیکشن ٹربیونل میں سردار اختر مینگل کی اپیل کی سماعت ہوئی، اس موقع پر وکیل ساجد ترین نے کہا کہ اختر مینگل نے اقامہ سفری مقاصد کے لیے حاصل کیا تھا، انہوں نے اقامے سے کوئی فائدہ حاصل نہیں کیا۔اپیلیٹ ٹربیونل کی جانب سے سوال اٹھایا گیا کہ کیا اختر مینگل کے اقامے سے تنخواہ اور فائدہ حاصل کرنے کے ثبوت ہیں؟۔ اس موقع پر وکیل کا کہنا تھا کہ اختر مینگل کے اقامے سے تنخواہ اور مالی فائدے حاصل کرنے کا کوئی ثبوت نہیں۔اپیلیٹ ٹربیونل میں درخواستگزار کے وکیل کا کہنا تھا کہ اختر مینگل نے کاغذاتِ نامزدگی میں اقامے کا ذکر نہیں کیا تھا جو بدنیتی ہے۔واضح رہے کہ سردار اختر مینگل کے حلقہ این اے 264 سےکاغذاتِ نامزدگی مسترد کیے گئے تھے۔ریٹرننگ افسر کا کہنا تھا کہ اختر مینگل کے پاس یو اے ای کا اقامہ ہے، کاغذات نامزدگی مسترد کرتے ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں