نواز شریف سے ملاقات کروں گا یا نہیں؟ شاہد خاقان عباسی نے فیصلہ سنا دیا

اسلام آباد (پی این آئی) سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ نوازشریف لیڈر ہیں، جہاں بلائیں ملنے کے لیے تیار ہوں۔

جنگ اخبار کی رپورٹ کے مطابق شاہد خاقان عباسی نے دا نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کسی پارٹی میں شامل نہیں ہو رہا، نہ ہی ناراض رہنماؤں کا کوئی کلب بنایا ہے۔مستقبل میں بھی کسی اور جماعت میں شامل ہونے کا ارادہ نہیں ہے۔

شاہد خاقان عباسی نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ آئندہ انتخابات اور ملک کی سیاست کے حوالے سے ان کے اپنے خیالات ہیں۔اس کا مطلب یہ نہیں کہ وہ پارٹی سے منحرف ہو گئے۔محمد زبیر کی پارٹی سے ناراضی کے سوال پر سابق وزیراعظم نے کہا کہ میں نے پارٹی میں ناراض رہنماؤں کا کوئی کلب نہیں بنایا۔میں ایسے لوگوں کا کوئی کلب کیں بناؤں گا؟۔انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی مری کے حلقے میں انتخابات نہیں لڑ رہی کیونکہ ان کا کوئی امیدوار وہاں موجود نہیں ہے۔

قبل ازیں انہوں نے مسنگ پرسنز کے حوالے سے سوال پر کہا کہ مسنگ پرسنز کے معاملے کو بہتر طریقے سے ہینڈل کرسکتے ہیں،اس حوالے سے ایک کمیشن بھی بنا ہوا ہے،کمیشن کے سربراہ وہی صاحب ہیں جو چیئرمین نیب بھی تھے۔ یہ لوگ کہاں ہیں،زندہ ہیں یا نہیں،یہ بتانا ریاست کی ذمہ داری ہے،ہم مسنگ پرسنز سے متعلق معاملے کو پس پردہ نہیں ڈال سکتے۔سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ نیب نے نوازشریف کیخلاف جعلی کیسز بنائے،سب کہتے ہیں نوازشریف کو انصاف مل گیا،لیکن میرا یہ سوال ہے کہ ان کے 5سال ضائع ہو گئے ان کاانصاف کیسے ہوگا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close