اسلام آباد (پی این آئی) پانی کا بل ادا نہ کرنے پر شیر افضل مروت کے کاغذات نامزدگی مسترد کردیے جانے کا انکشاف۔
تفصیلات کے مطابق رہنما پاکستان تحریک انصاف شیر افضل مروت نے کہا ہے کہ پانی کے کنکشن کے بلوں کی عدم ادائیگی پر میرے کاغذات نامزدگی مسترد کردیے گئے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ میں نواز شریف کی اپیلوں کی سماعت ہو رہی ہے تاہم اس سے اہم مقدمات سماعت کے منتظر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شاہ محمود قریشی کو سپریم کورٹ کے حکم کے باوجود رہا نہیں کیا گیا، آر اوز اور ڈی آر اوز نے پی ٹی آئی کے ساتھ ظلم کیا ہے۔انہوں نے کہاکہ ریٹرننگ آفیسرز نے قانون کے ساتھ کھلواڑ کیا، انہوں نے پی ٹی آئی کے امیدواروں کو غیر قانونی طور پر نااہل کیا۔شیر افضل مروت نے کہا کہ مجھے پانی کے کنکشن کے بلوں کی عدم ادائیگی پر نااہل کیا گیا، میں نے کبھی سرکاری پانی کا کنکشن نہیں لیا۔
انہوں نے کہا کہ زیادہ تر نااہلیاں ایف آئی آرز پر ہوئی ہیں، پاکستان میں کس پر ایف آئی آرز نہیں ہیں؟ پی ٹی آئی کے امیدواروں کے تجویز کنندہ اور تائید کنندہ اغوا کیے گئے۔ دوسری جانب پی ٹی آئی وکلاء نے لیول پلیئنگ فیلڈ میں اضافی دستاویزات سریم کورٹ میں جمع کروا دی جس میں بتایا گیا کہ دو ہزار سے زائد رہنماؤں کے کاغذات مسترد کیے گئے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں