پشاور (پی این آئی) پی ٹی آئی کی زرتاج گل منظر عام پر آ گئیں، سابق وفاقی وزیر راہداری ضمانت کے حصول کیلئے پشاور ہائیکورٹ میں موجود، ضمانت حاصل کیے بنا عدالت سے باہر نہ نکلنے کا اعلان، گرفتاری کیلئے پولیس کی بھاری نفری ہائیکورٹ کے باہر موجود۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کی سابق ایم این اے زرتاج گل گرفتاری سے بچنے کیلئے پشاور ہائیکورٹ میں موجود ہیں۔سابق وفاقی وزیر زرتاج گل کی گرفتاری کیلئے پولیس کی بھاری نفری پشاور ہائیکورٹ کے باہر موجود ہے۔ وہ 9 مئی کے بعد پہلی بار منظر عام پر آئی ہیں۔ زرتاج گل نے آج راہداری ضمانت کی درخواست پشاور ہائیکورٹ میں دائر کی تھی۔
زرتاج گل کے وکیل کا کہنا ہے کہ زرتاج گل آج پشاور ہائی کورٹ میں رات گزاریں گی، میٹرس، کمبل اور کھانا پہنچا دیا گیا ہے، مرد اور خواتین وکلاء زرتاج گل کے ساتھ ہوں گے۔میڈیا سے گفتگو کے دوران زرتاج گل آبدیدہ ہوگئیں۔ انہوں نے کہا کہ سفری ضمانت ملنے تک ہائیکورٹ سے باہر نہیں آؤں گی، میرا بھائی بم دھماکے میں شہید ہوا، میں شہید کی بہن ہوں، کیسے شہداء کی بے حرمتی کرسکتی ہوں؟۔
زرتاج گل نے کہا کہ ہم کسی ادارے کے خلاف نہیں، ن لیگ کی اداروں سے لڑانے کی کوشش ناکام ہوگئی، سیاست میرا حق ہے، سیاست صرف سرمایہ داروں کا حق نہیں، ہمارا نشان بانی چیئرمین کا ہے، ووٹ بانی چیئرمین کا ہے، بلے کے نشان پر سپریم کورٹ میں اپیل کریں گے۔زرتاج گل نے کہا کہ 9 مئی کی مذمت چاہتے ہیں تو میں معافی مانگتی ہوں، پاک فوج ہماری ہے، پورا ملک ہمارا ہے ہم پاکستان کے شہری ہیں، میرا قصور یہ یے کہ میں الیکشن لڑنا چاہتی ہوں۔
زرتاج گل نے کہا انصاف لینے پشاور ہائیکورٹ آئی ہوں، صبح 8 بجے سے ہائیکورٹ میں ضمانت کے لیے موجود ہیں، مجھے گرفتار کرنے کے لیے پولیس کی نفری ہائیکورٹ کے باہر موجود ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں