بلے کے علاوہ کوئی نشان ملتا ہے تو۔۔؟چیئرمین پی ٹی آئی نے بڑا اعلان کر دیا

اسلام آباد ( پی این آئی) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر خان نے کہا ہے کہ اگر بلے کے علاوہ کوئی نشان ملتا ہے تو لیں گے لیکن بائیکاٹ نہیں کریں گے جبکہ فوج ہماری ہے اور پی ٹی آئی کا اسٹیبلشمنٹ سمیت کسی سے کوئی جھگڑا نہیں۔

صحافیوں سے ملاقات اور گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹرگوہر خان کا کہنا تھاکہ پی ٹی آئی کو بطور جماعت مائنس کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، پشاورہائیکورٹ نے نوٹیفکیشن جاری کرنے کا حکم دیا لیکن جاری نہیں ہوا، الیکشن کمیشن کے ذریعے پی ٹی آئی کو پیچھے دھکیلا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک وکیل ن لیگ سے جائے تو ٹھیک پی ٹی آئی سے جائے تو گرفتار ہوتا ہے، عدلیہ اپنا کردار ادا کرے تو مسائل کا حل ممکن ہے، عدالت کو اب اپنا کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔ان کا کہنا تھاکہ ہمارا مطالبہ الیکشن کمیشن اورعدلیہ سے ہے، چیف جسٹس قاضی فائزعیسٰی کو اب اس معاملے میں مداخلت کرنا ہوگی۔

سپریم کورٹ اورچیف جسٹس قاضی فائزعیسٰی ان معاملات کا نوٹس لیں۔بیرسٹرگوہر نے کہا کہ پلان بی اور سی ہمارے پاس ہے جس سے پارلیمان تک جائیں گے، اگر بلے کے علاوہ کوئی نشان ملتا ہے تو لیں گے لیکن بائیکاٹ نہیں کریں گے، اگر پارٹی نشان نہ دیا تو مخصوص نشستوں سے مسائل پیدا ہوں گے۔ان کا کہنا تھاکہ سپریم کورٹ نے نان پارٹی بیسڈ الیکشن سے روکا ہے، الیکشن کامعاملہ سپریم کورٹ میں ہے،امید ہےسپریم کورٹ شفاف انتخابات کروائے گی۔چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھاکہ فوج ہماری ہے، ملک ہمارا ہے، کسی سے کوئی جھگڑا نہیں، پی ٹی آئی کا اسٹیبلشمنٹ سمیت کسی سے کوئی جھگڑا نہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close