اسلام آباد (پی این آئی) حکومت نے کورونا وائرس کی نئی قسم سامنے آنے پر عازمین حج کی ویکسی نیشن کا فیصلہ کرلیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ملک بھر میں کہیں بھی عالمی وباء کورونا کی نئی قسم جے این ون کے نئے کیس سامنے نہیں آئے تاہم عازمین حج کی ویکسی نیشن کی جائے گی، جس کے لیے حکومت بین الاقوامی دواساز ادارے فائزر سے نئی کورونا ویکسین کی 5 لاکھ خوراکیں حاصل کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ امریکہ، چین، بھارت، کینیڈا،فرانس اور جرمنی سمیت 45 سے زائد ممالک میں جے این ون کے کیس سامنے آرہے ہیں، تاہم پاکستان میں لوگ اب تک اس ویریئنٹ سے محفوظ ہیں، لاہور اور کراچی میں صحتِ عامہ کے اداروں نے جے این ون کا کوئی کیس رپورٹ نہیں کیا جب کہ کورونا کے دیگر ویریئنٹس کے مجموعی کیس ایک فیصد سے بھی کم ہیں۔ معلوم ہوا ہے کہ نئی کورونا کی قسم جے این ون سعودی عرب میں بھی سامنے آئی ہے، جس کی وجہ سے پاکستان سے جانے والے عازمین حج کو اس سے محفوظ رکھنے کی غرض سے ویکسین کی خوراک دی جائے گی، امریکہ سے ویکسین کی 2 لاکھ خوراکوں کی بہت جلد آمد کی امید ہے، نئی فائزر کووڈ ویکسین کی مزید 3 لاکھ ڈوزز بھی اسی ماہ ملنے کا امکان ہے، فائزر کی نئی ویکسین کووڈ 19 کے نئے ویرینٹس کے خلاف بھی مؤثر ہے، اس لیے ویکسین حجاج کرام اور ہائی رسک لوگوں کو لگائی جائے گی۔ ادھر نگران وفاقی وزیر مذہبی امور انیق احمد نے سرکاری اسکیم کے تحت حج 2024ء کے لیے قرعہ اندازی کا اعلان کر دیا ہے جس کے تحت اس سال 63 ہزار 805 خوش نصیب عازمین حج کا انتخاب کیا گیا ہے۔
نگران وزیر مذہبی امور انیق احمد نے کہا کہ رواں سال ریگولر حج اسکیم کے تحت 69 ہزار 438 عازمین کی درخواستیں موصول ہوئیں جن میں سے 63 ہزار 805 خوش نصیب عازمین حج کا انتخاب کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ قرعہ اندازی میں رہ جانے والے 5ہزار 633 درخواست گزاروں کی روانگی کے شہروں کے لحاظ سے ویٹنگ لسٹ مرتب کر لی گئی اور متعلقہ شہروں سے حج درخواست کینسل کروانے والوں کی جگہ ویٹنگ لسٹ پر موجود افراد کو منتخب کیا جائے گا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں