ترجمان پاک فوج نے سال 2024 کو انتہائی اہم کیوں قرار دیدیا؟

راولپنڈی(پی این آئی) ترجمان پاک فوج نے سال2024کو ملک کیلئے اندرونی اور بیرونی اعتبار سے انتہائی اہم قرار دے دیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل سیدعاصم منیر نے سال نو کے موقع پر قوم کے نام جاری پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان کے جذبے کو کوئی شکست نہیں دے سکتا۔مسلح افواج نے با وقار اور قابل فخر عوام کو نئے سال کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ 2023کا ایک اہم سال ختم ہوا جبکہ نیا سال پاکستان کیلئے اندرونی اور بیرونی اعتبار سے انتہائی اہم ہے، مسلح افواج مادر وطن کی خدمت کے جذبے سے سرشار ہیں۔ آئی ایس پی آرکے مطابق پاکستان کی سرزمین بے پناہ قدرتی نعمتوں اور مواقع کی حامل ہے، بلاشبہ قوم ہمارے آبا اجداد کے خوابوں کے مطابق سرخرو ہوگی، آنے والی نسلوں کا روشن مستقبل منتظر ہے۔ آئی ایس پی آر نے بتایاکہ وزیر اعظم کی ہدایت کے مطابق ہم فلسطین اور مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ ہیں، توقع ہے نیا سال فلسطینیوں اور کشمیریوں کے مسائل میں کمی کا سبب بنے گا۔آرمی چیف جنرل سیدعاصم منیر نے اپنے پیغام میں کہاکہ پاک فوج ملکی سلامتی اور ترقی کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے گی، ہمیں پاکستانی عوام کے ساتھ اپنی غیر متزلزل وابستگی پر فخر ہے۔جنرل عاصم منیر نے کہا کہ افواج پاکستان اور عوام ایک ہیں،پاکستان کے جذبے کو کوئی شکست نہیں دے سکتا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close