پی ڈی ایم حکومت کے صرف 16ماہ میں کتنی اہم شخصیات کو بلٹ پروف گاڑیاں دی گئیں؟ رپورٹ آگئی

اسلام آباد (پی این آئی) پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ ( پی ڈی ایم ) کی اتحادی حکومت کے صرف 16 ماہ میں 14 اہم شخصیات کو بلٹ پروف اور بم پروف گاڑیاں دے دی گئیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اپریل 2022ء سے اگست 2023ء تک کی دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ سابق وزیر اعظم شہباز شریف کی منظوری سے 14 اہم شخصیات کو بلٹ پروف گاڑیاں الاٹ کی گئیں، چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کو بلٹ پروف بی ایم ڈبلیو جیپ دی گئی، تین سابق وزراء اعظم کو بھی بلٹ پروف بم پروف سیکورٹی گاڑیاں دیں گئیں، ان سابق وزراء اعظم میں شاہد خاقان، عمران خان اور راجہ پرویز اشرف شامل ہیں۔معلوم ہوا ہے کہ جے یو آئی ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کو پی ڈی ایم حکومت نے بلٹ پروف لینڈ کروزر دی، سابق معاون خصوصی عطاء اللہ تارڑ کو بلٹ پروف بی ایم ڈبلیو جیپ دی گئی، سابق وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کے بلٹ پروف لینڈ کروزر زیر استعمال رہی، عمران خان کو پی ڈی ایم حکومت نے بلٹ پروف بی ایم ڈبلیو جیپ دی، اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کے پاس وفاقی کابینہ کی دو بلٹ پروف گاڑیاں استعمال میں رہیں، راجہ پرویز اشرف کو بطور سپیکر بلٹ پروف لینڈ کروزر اور بطور سابق وزیر اعظم لینڈ کروزر دی گئی۔دستاویز سے پتا چلا ہے کہ سابق چیئرمین پبلک اکاونٹس کمیٹی نور عالم خان کو بلٹ پروف لینڈ کروزر الاٹ دی گئی۔

سابق وفاقی وزیر آئی ٹی سید امین الحق کو بھی بلٹ پروف لینڈ کروزر ملی، سیکرٹری وزارت داخلہ کو بھی بلٹ پروف لینڈ کروزر الاٹ کی گئی، جسٹس سید مظاہر علی نقوی کو بھی بلٹ پروف لینڈ کروزر دی گئی، چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی کو بھی بلٹ پروف بی ایم ڈبلیو کار الاٹ ہوئی، سابق ڈپٹی اسپیکر زاہد اکرم درانی کو بھی بلٹ پروف لینڈ کروزر دی گئی، ان میں سے بیشتر شخصیات کے پاس بلٹ پروف گاڑیاں تاحال زیر استعمال ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں