یکم جنوری سے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنیوالوں پر عائد جرمانوں میں کتنا اضافہ ہوگا؟ تفصیلات آگئیں

لاہور(پی این آئی) وفاقی وزارت مواصلات نے نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کی سفارشات پر جرمانوں کی شرح میں ترمیم کی منظوری دیتے ہوئے یکم جنوری 2024سے ٹریفک قوانین پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے ہر قسم کی ٹریفک پر قوانین کی خلاف ورزی کی صورت میں جرمانوں کی شرح میں اضافے کا اعلان کیا ہے۔

نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس ایم فور سیکٹر ون کے ترجمان محمد عثمان کے مطابق جرمانوں کی شرح میں اضافہ ٹریفک قوانین کی سنگین خلاف ورزیوں کی روک تھام کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے جس سے حادثات پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔انہوں نے بتایا کہ یکم جنوری سے حدرفتار کی خلاف ورزی کرنے پر موٹر سائیکل سوار کو 1500 جبکہ کار ڈرائیور کو 2500 روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا،حدرفتار کی خلاف ورزی کرنے پر مسافر بردار گاڑی اور بسوں کیلئے جرمانہ کی شرح 10000 روپے،حدر رفتار کی خلاف ورزی کرنے پرایچ ٹی وی ڈرائیور کو 5000 روپے جرمانے کی مد میں ادا کرنے ہوں گے۔ اسی طرح بغیر لائسنس موٹرسائیکل، کاراور ایل ٹی وی چلانے پر5000 روپے جرمانہ عائد کیا جائے گانیزبغیر لائسنس مسافر بردار اور مال گاڑی چلانے پر 10000روپے جرمانہ ہاگا۔انہوں نے بتایا کہ اوورلوڈنگ پر مال بردار گاڑ ی کیلئے 10000جرمانہ،قومی شاہراؤں پر ایمرجنسی گاڑیوں کو راستہ نہ دینے پر ہر قسم کی گاڑی کو5000جرمانہ عائد کیا جائے گا۔علاوہ ازیں بغیرہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے پر 1000روپے،سیٹ بیلٹ کے بغیر کار اورایل ٹی وی کیلئے 1500روپے جرمانہ ہو گا۔

انہوں نے بتایا کہ سیٹ بیلٹ کے بغیر مسافر بردار اور مال گاڑی چلانے پر 3000روپے،دوران ڈرائیونگ موبائل فون کے استعمال پر موٹر سائیکل سواراور کار ڈرائیور کو 500 روپے جرمانہ ہوگا۔انہوں نے بتایا کہ دوران ڈرائیونگ موبائل فون کے استعمال پرایل ٹی وی کیلئے 2000 جرمانہ،مسافر بردار اور مال گاڑی کے ڈرائیور کے موبائل فون کے استعمال پر5000روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ بغیر رجسٹریشن موٹر سائیکل، کار اورایل ٹی وی پر 2000روپے،مسافر بردار اور مال گاڑی کی صورت ث بغیر رجسٹریشن گاڑی چلانے پر 5000 روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ دیگر ہر قسم کی ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر بھی جرمانوں کی شرح میں اضافہ کر دیا گیا ہے جبکہ جرمانوں کی نئی شرح کے نفاذ بارے روڈ سیفٹی اویئرنیس یونٹ کی جانب سے بس ٹرمینلز، گڈز اڈوں، تعلیمی اداروں اور انٹرچینجز پر آگاہی سیشنز جاری ہیں جہاں فیلڈ افسران روڈ یوزرز کو بریف کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ شہری بھاری جرمانوں سے بچنے کیلئے ہر صورت ٹریفک قوانین پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close