عثمان بزدار کے کاغذات نامزدگی منظور ہونے پر عمران ریاض خان کا حیران کن ردِعمل آگیا

لاہور ( پی این آئی ) سابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے کاغذات نامزدگی منظور ہونے پر صحافی عمران ریاض خان کا تبصرہ سامنے آگیا۔

تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے ایک پیغام میں انہوں نے لکھا کہ عثمان بزدار جن پر کرپشن کے سب سے زیادہ الزامات تھے، ان کے کاغذات کی منظوری سے لگتا ہے کہ شائد ساری جماعت میں یہی ایک ایماندار تھے۔عمران ریاض خان کا مزید کہنا ہے کہ تحریک انصاف کے رہنماؤں کے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کی وجہ قانون نہیں ہے بلکہ ان رہنماؤں کی پی ٹی آئی کے قائد عمران خان سے وفاداری ہے۔بتایا جارہا ہے کہ 30 دسمبر کو ملک بھر میں عام انتخابات کیلئے کاغذات نامزدگی جمع ہونے اور منظور یا مسترد ہونے کا مرحلہ مکمل ہوگیا ہے، ریٹرننگ افسران کی جانب سے صوبائی اسمبلیوں کے حلقوں کے 2 ہزار سے زائد جبکہ قومی اسمبلی کے حلقوں کے 1 ہزار سے زائد امیدواروں کے کاغذات نامزدگی مسترد کیے گئے ہیں اور ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ ایسا ہوا ہے کہ عام انتخابات لڑنے کے خواہاں ہزاروں افراد کے کاغذات نامزدگی مسترد کر دیے گئے ہوں، 2018ء کے انتخابات کے موقع پر ملک بھر سے قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلیوں کے الیکشن لڑنے کے خواہاں کل 1800 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی مسترد کیے گئے تھے جب کہ عام انتخابات 2024ء کے موقع پر یہ تعداد ہزاروں میں ہوچکی ہے۔

معلوم ہوا ہے کہ ملک بھر سے قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلیوں کے الیکشن لڑنے کے خواہاں 3 ہزار سے زائد امیدواروں کے کاغذات نامزدگی مسترد کرکے انہیں عام انتخابات 2024 کیلئے نااہل قرار دے دیا گیا ہے، تاہم ملک میں عام انتخابات کیلئے کاغذات نامزدگی منظور یا مسترد ہونے کے فیصلوں پراپیلیں دائر کرنے کا حق ابھی باقی ہے، یہ اپیلیں اتوار 31 دسمبر سے دائر ہوسکیں گی، ریٹرننگ افسروں کے فیصلوں پر اپیلوں کا عمل 3 جنوری تک جاری رہے گا اور 10جنوری تک اپیلٹ ٹریبونلز میں اپیلوں پر سماعت اور فیصلے ہوں گے، امیدواروں کی حتمی فہرست 11 جنوری کو جاری کی جائے گی اور کاغذات نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ 12 جنوری 2024 ہو گی، امیدواروں کو انتخابی نشان 13 جنوری کو جاری کیے جائیں گے اور 8 فروری کو پولنگ ہوگی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close