خیرپور (پی این آئی ) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما منظور وسان نے دعویٰ کیا ہے کہ نوازشریف پرجس کا بھی ہاتھ ہو وزیراعظم نہیں بننے دیں گے۔
تفصیلات کے مطابق پی پی رہنماء منظور وسان کے سندھ سے قومی اسمبلی کی نشست این اے 202 خیرپور سے کاغذات نامزدگی منظور ہوگئے ہیں، اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے سینئر رہنماء کا کہنا تھا کہ مولانافضل الرحمان کی خواہش ہے کہ الیکشن ملتوی ہوں اور اگر عام انتخابات ملتوی ہوئے تو لمبے عرصے کے لیے ہوں گے۔ اس دوران ایک سوال کے جواب میں منظور وسان نے دعویٰ کیا کہ مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف پر جس کا بھی ہاتھ ہو لیکن ہم انہیں وزیراعظم نہیں بننے دیں گے بلکہ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کو وزیراعظم بنائیں گے۔ علاوہ ازیں پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنماء منظور وسان نے عام انتخابات میں کچھ روز کی تاخیر کا خدشہ بھی ظاہر کیا، انہوں نے کہا کہ الیکشن میں کچھ روز کی تاخیر ہوسکتی ہے، سیاسی اتحاد بنتے رہتے ہیں لیکن سندھ پیپلزپارٹی کا گڑھ رہے گا، 8 فروری کو ہرجگہ پر تیر ہی تیر نظر آئے گا، شفاف الیکشن ہوئے تو پیپلزپارٹی ہی جیتے گی۔ اسی طرح پیپلزپارٹی کے رہنماء سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ الیکشن شفاف ہوں گے، لیول پلیئنگ فیلڈ کی اب بات نہیں رہی، پیپلزپارٹی کا فیور لینے کا تصور غلط ہے، ہم نہ پہلے لاڈلے بنے ہیں اور نہ بنیں گے، ہم عوام کے لاڈلے ہیں اور رہیں گے۔
پی ٹی آئی سے کوئی خطرہ نہیں ہے، ہر جگہ مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہیں، پی ٹی آئی کو الیکشن میں حصہ لینے دیا جائے، اگر ہم پی ٹی آئی کو الیکشن میں حصہ دینے کا مطالبہ کررہے ہیں تو اس پر اتحاد کی بات نہیں ہونی چاہئے۔ ان کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی کا سمبل تلوار سے تیر کر دیا گیا ہم نے اس کو قبول کیا، ہم الیکشن کا عمل شفاف چاہتے ہیں، پی ٹی آئی والے اگر عوامی پروسیس کرتے تو ان کو آج ان حالات کا سامنا نہ کرنا پڑتا، ن لیگ پی ٹی آئی کو الگ رکھنا چاہتی ہے تو اس کا جواب وہ دیں گے، تاہم ملکی حالات اس بات کا تقاضا کرتے ہیں کہ الیکشن کے نتیجے میں بننے والی حکومت اور اپوزیشن تعمیری باتیں کریں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں