خیبرپختونخوا میں بھی تعلیمی اداروں میں تعطیلات بڑھانے کا فیصلہ ہوگیا

پشاور (پی این آئی ) خیبرپختونخواہ کے اسکولوں کو بھی موسم سرما کی اضافی تعطیلات مل گئیں، صوبائی محکمہ تعلیم نے نظرثانی کے بعد موسم سرما کی تعطیلات میں اضافہ نہ کرنے کا فیصلہ واپس لے لیا۔

تفصیلات کے مطابق محکمہ تعلیم خیبرپختونخواہ نے صوبے کے میدانی علاقوں میں واقع اسکولوں کو دی جانے والی موسم سرما کی تعطیلات میں اضافہ کر دیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق صوبائی محکمہ تعلیم نے اس سے قبل اسکولوں کی موسم سرما کی تعطیلات نہ بڑھانے کا فیصلہ کیا تھا، تاہم بعد ازاں فیصلہ تبدیل کر دیا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ سردی کی شدت میں اضافے اور الیکشن کے باعث سرکاری اساتذہ کی تربیت مکمل کرنے کیلئے موسم سرما کی تعطیلات میں ایک ہفتے کا اضافہ کر دیا گیا ہے۔ خیبرپختونخواہ کے میدانی علاقوں میں اسکول اب 8 جنوری 2024ء کو معمول کے کھلیں گے۔ جبکہ صوبے کے پہاڑی علاقوں کے اسکول فروری 2024 کے اختتام تک بند رہیں گے۔ دوسری جانب پنجاب حکومت کی جانب سے بھی سردیوں کی چھٹیوں میں اضافہ کردیا گیا۔ پنجاب کے نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کی صدارت میں صوبائی کابینہ کا اجلاس ہوا، جس میں سکولوں میں موسم سرما کی چھٹیوں میں توسیع کا فیصلہ کیا گیا، محکمہ تعلیم نے کہا ہے کہ صوبے کے تمام اسکولوں میں یکم جنوری سے 9 جنوری تک موسم سرما کی اضافی تعطیلات ہوں گی، اس ضمن میں تمام اداروں کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ موسم سرما کی تعطیلات سے متعلق عمل کریں اور 10جنوری سے تدریسی عمل کا دوبارہ آغاز کریں۔ قبل ازیں سردیوں کی چھٹیاں یکم جنوری تک تھیں، صوبہ پنجاب کے تمام تعلیمی اداروں کی تعطیلات میں توسیع کی خبریں سامنے آ رہی تھیں، اس ضمن میں کہا جارہا تھا کہ پنجاب حکومت نے صوبے میں موسم سرما کی شدت میں اضافے کے پیش نظر تعطیلات کا دورانیہ بڑھانے پر غور شروع کردیا گیا۔

بتایا گیا کہ سردی کی شدت میں اضافے کی وجہ سے صوبائی محکمہ سکول ایجوکیشن کی جانب سے چھٹیوں میں ایک ہفتے تک اضافے پر غور کیا جارہا تھا، اس سلسلے میں محکمہ موسمیات سے آئندہ 15 سے 20 دن کی رپورٹ مانگی گئی کیوں کہ سردی کی بڑھتی ہوئی شدت کو دیکھتے ہوئے والدین نے بھی تعطیلات میں اضافے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ ادھر محکمہ لٹریسی اینڈ نان فارمل ایجوکیشن نے غیر رسمی سکولوں میں موسم سرما کی چھٹیوں کا اعلان کردیا ہے، اس ضمن میں جاری نوٹی فکیشن سے پتا چلا ہے کہ ان تعلیمی اداروں میں چھٹیاں یکم جنوری سے شروع ہوں گی اور 10جنوری تک جاری رہیں گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close