ایم کیوایم اور مسلم لیگ (ن)کے رہنماؤں کی اندرونی کہانی سامنے آگئی

کراچی(پی این آئی )ایم کیو ایم اور مسلم لیگ ن کے رہنماؤں کی بہادرآباد مرکز پر ہونے والی ملاقات کی اندرونی کہانی منظرعام پر آگئی۔
دونوں جماعتوں کے درمیان آئندہ انتخابات سے متعلق تفصیلی مشاورت ہوئی۔ این اے 242 کی نشست پر کسی بھی ایک جماعت کے الیکشن لڑنے سے متعلق حتمی فیصلہ نہ ہو سکا۔
مسلم لیگ ن کی جانب سے شہباز شریف اور ایم کیو ایم کی جانب سے مصطفیٰ کمال کو این اے 242 کی نشست پر ٹکٹ دیا گیا ہے۔ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال مکمل ہونے کے بعد دونوں جماعتوں کی مذاکراتی کمیٹیوں میں پھر بیٹھک لگے گی۔

ملاقات میں آئین میں ترامیم سے متعلق ایم کیو ایم کی تجویز کردہ ڈرافٹ سے متعلق مختلف امور زیر بحث آئے۔ ایم کیو ایم کی جانب سے اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی کا مطالبہ پھر دہرایا گیا۔ سابق وزیر اعظم شہباز شریف نے ایم کیو ایم کے مؤقف کی تائید کی۔
کراچی کے مسائل حل کرنے کے لیے مسلم لیگ ن نے ایم کیو ایم کے ساتھ ملکر جدوجہد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ کراچی ترقی کرے گا تو ملک ترقی کرے گا۔

close