محمد زبیر نے سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار پر بڑا الزام لگا دیا

کراچی (پی این آئی) محمد زبیر نے اسحاق ڈار پر پی آئی اے، اسٹیل مل کی نجکاری رکوانے کا الزام عائد کر دیا۔

نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سینئر لیگی رہنما اور سابق وفاقی وزیر محمد زیبر نے کہا کہ پی آئی اے ، اسٹیل مل اور فیسکو کی نجکاری آخری مراحل میں تھی لیکن اسحاق ڈار نے رکوادی۔ مسلم لیگ ن کے سینیئر رہنما نے مزید کہا کہ میں نے ان کے نجکاری کے حوالے سے متعدد فیصلوں سے اختلاف کیا تھا۔ایک سوال کے جواب میں محمد زبیر نے کہا کہ ہم نے اکتوبر2015میں اسٹیل مل، پی آئی اے اور فیسکو کی نجکاری کرنا تھی، فیسکو سے متعلق ہمارے پاس بولیاں بھی آگئی تھیں، فیسکو کی بولی اوپن ہوجاتی تو دیگر ڈسکوز کی بھی نجکاری آسان ہوجاتی۔انہوںنے کہا کہ اسٹیل مل سے متعلق اسحاق ڈار نے کہا کہ نجکاری کے بجائے سندھ حکومت کو دے دیتے ہیں، خورشید شاہ اپوزیشن لیڈر تھے ان کی خواہش پر یہ سندھ حکومت کو دی گئی، مراد علی شاہ کو خط لکھا گیا، بال کبھی کراچی کبھی اسلام آباد جاتی تھی، نجکاری کے لیے جو ادارے آئے تھے انہیں بڑی مشکل سے راضی کیا گیا تھا۔

قومی ایئر لائن کے حوالے سے بات کرتے ہوئے محمد زبیر نے کہا کہ پی ایم ایل این کی زیرقیادت حکومت پی آئی اے کی نجکاری کے عمل کے آخری مرحلے میں پہنچ چکی ہے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بدقسمتی سے تینوں اداروں کی نجکاری کا عمل الٹ ہوگیا اور نجکاری آخری اسٹیج پر روک لی گئی تو باقی کیسے ہوسکتی تھی۔انہوں نے کہا کہ پی آئی اے سے متعلق پارلیمنٹ کی ایک کمیٹی بنی جس میں تمام پارٹیاں شامل تھیں، ن لیگ کی نظر میں شروع سے اداروں کی نجکاری مسائل کا بہترین حل ہے، نقصان میں جانے والے اداروں کی نجکاری کے علاوہ کوئی راستہ نہیں۔محمد زبیر نے کہا کہ گلوبل اداروں کو پاکستان میں نجکاری کیلئے راضی کرنا اہم ٹاسک تھا، اسٹیل مل کے فیصلے کے بعد پاکستان کا منفی امیج اجاگر ہوا تھا جس سے نقصان ہوا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں