سابق وفاقی وزیر کا مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان

جھنگ (پی این آئی) سابق وفاقی وزیر ، سینئر سیاستدان سید فیصل صالح حیات نے مسلم لیگ ن میں شمولیت کا اعلان کردیا ہے۔

 

 

 

تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر سابق وزیراعظم میاں شہبازشریف نے آج جھنگ شاہ جیونہ کا دورہ کیا، جہاں پر سابق وفاقی وزیر، سینئر سیاستدان سید فیصل صالح حیات نے مسلم لیگ ن میں شمولیت کی دعوت قبول کی اور ن لیگ میں باقاعدہ شامل ہونے کا اعلان کیا۔اس موقع پر صدر ن لیگ شہبازشریف نے کہا کہ فیصل صالح حیات کو مسلم لیگ ن میںآ نے پر خوش آمدید کہتے ہیں، فیصل صالح حیات کی شمولیت سے پارٹی کو مزید تقویت ملے گی، الیکشن مہم کے دوران بھرپور محنت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے قائد کا وسیع تجربہ ہے، نواز شریف کی لیڈرشپ میں ہم شبانہ روز محنت کریں گے، نوازشریف کی قیادت میں پاکستان کو عظیم ملک بنائیں گے۔پاکستان کے عوام کی خدمت کا دل سے وعدہ کریں گے۔

 

 

 

اللہ تعالیٰ نے موقع دیا تو نوازشریف چوتھی مرتبہ وزیراعظم بنیں گے۔ مزید برآں پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر و سابق وزیراعظم شہباز شریف نے پارلیمانی بورڈ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوازشریف کی واپسی کے بعد پارٹی میں نیا جوش اور ولولہ آیا، اب ہم انتخابات میں جارہے ہیں، اللہ نے اگر نوازشریف کو چوتھی مرتبہ موقع دیا تو ترقی و خوشحالی کا سفر دوبارہ شروع کریں گے، جیسے ماضی میں ہندوستان کے ایٹمی دھماکوں کے جواب میں نوازشریف نے ملک کو ناقابل تسخیر بنانے کا فیصلہ کیا، نوازشریف کو 5ارب ڈالر کی پیش کش کی گئی کہ ایٹمی دھماکہ نہ کریں، نوازشریف نے کہا آپ کی پیش کش کا شکریہ مگر ملک کے وقار کی خاطر پیش کش قبول نہیں کرسکتا، اللہ کے فضل سے نوازشریف نے پاکستان کو ایٹمی طاقت بنایا۔

 

 

 

 

شہباز شریف نے کہا کہ 2013ء سے 2017ء تک ترقی کے منصوبوں پر شبانہ روز کام ہوا، پاکستان کو عالمی سطح پر عزت کی نگاہ سے دیکھا جاتا تھا، ستمبر 2013ء میں چین کے صدر پاکستان کا دورہ کرنے والے تھے، چینی صدر کے دورے کو مؤخر کرانے کیلئے لانگ مارچ کا ڈھونگ رچایا گیا، 2013ء کا لانگ مارچ ملکی تاریخ کا سیاہ باب رہے گا، تمام تر کاوشوں کے باوجود عمران خان نے دھرنے سے اٹھنے سے انکار کردیا۔ صدر ن لیگ نے کہا کہ نوازشریف کے دور میں ترقی کا پہیہ بہت تیزی سے آگے بڑھ رہا تھا، نوازشریف نے کشکول آگے نہیں کیا، پاکستان کے وقار کو مقدم رکھا، گزشتہ 5 سال سے مہنگائی کا طوفان رہا، جس کی تفصیل میں نہیں جانا چاہتا، ہم دوبارہ مہنگائی کے طوفان کو کم کرنے کی کوشش کریں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close