نواز شریف چوتھی بار وزیر اعظم بنیں گے،شہبازشریف

لاہور(پی این آئی)صدر پاکستان مسلم لیگ ن میاں محمد شہباز شریف نے کہا کہ دھرنوں اور احتجاج کا ڈھونگ تاریخ کے سیاہ باب میں لکھا جائے گا، دھرنے والوں نے پاکستان کو بہت نقصان دیا، دھرنے کی وجہ سے چینی صدر نے 7 ماہ بعد پاکستان کا دورہ کیا، اگر ایسا نہ ہوتا تو بہت سے ترقیاتی منصوبے 7 مہینے پہلے پایا تکمیل کو پہنچ جاتے۔
صدر پاکستان مسلم لیگ ن شہباز شریف نے پارٹی کے پارلیمانی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 21 اکتوبر کو میاں نواز شریف کی واپسی کے بعد پارٹی میں نئی زندگی آئی ہے، اب نواز شریف چوتھی بار وزیر اعظم بنیں گے۔ پارٹی کارکنوں نے برے وقت میں بھی نواز شریف کا ساتھ دیا ہے۔

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ 2013 سے 2017 میں پاکستان کے چاروں طرف ترقیاتی کام ہو رہے تھے، اس دوران عالمی سطح پر پاکستان کو عزت کی نگاہ سے دیکھا جا رہا تھا۔ مسلم لیگ ن نے ہمیشہ پاکستان کی ترقی کے لیے اہم کردار ادا کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میاں صاحب نے بڑی حکمت کے ساتھ پاکستان کو ایٹمی طاقت بنایا، نواز شریف کو ایٹمی دھماکے مؤخر کرانے کے لیے 5 ارب ڈالر کی پیشکش ہوئی لیکن انہوں نے بڑے بہترین طریقے سے اس پیشکش کو ٹھکرایا اور پاکستان کو ایٹمی طاقت بنایا۔
ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ 5 سالوں میں پاکستان کو بہت نقصان پہنچایا گیا، ہر طرف مہنگائی کا طوفان تھا، میں زیادہ گہرائی میں نہیں جانا چاہتا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے ملک کو کس ڈگر پر ڈال دیا تھا، پھر ہمیں موقع دیا گیا کہ اور ہم نے ملک کو گرنے سے بچایا۔

شہباز شریف نے کہا کہ ہم اب دوبارہ مل کر ملک کو ترقی کی راہ پر ڈالیں گے، نواز شریف اگر چوتھی بار وزیر اعظم بن گئے تو ملک کی تقدیر سنبھل جائے گی، پوری کوشش کریں گے کہ اس ملک کو دوبارہ وہی عزت اور وقار ملے جو 2013 سے 2017 کے دوران تھا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close