ن لیگ نے پی ٹی آئی کی ایک اور تگڑی وکٹ گرا دی

کراچی (پی این آئی) مسلم لیگ ن نے پی ٹی آئی کی اہم وکٹ اڑا دی، تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور سابق رکن قومی اسمبلی نے ن لیگ میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں کیپٹن (ر) جمیل احمد نے ن لیگ کے رہنماؤں کے ساتھ پریس کانفرنس کی اور پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ کیپٹن ریٹائرڈ جمیل احمد پی ٹی آئی کے سابق رکن قومی اسمبلی تھے۔ اس موقع پر ن لیگی رہنما نہال ہاشمی کا کہنا تھاکہ عوام کو بنیادی سہولیات سے محروم رکھا گیا، ہمیں سندھ کے عوام کی تقدیر بدلنے کے لیے آگے آنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ پر 15 سال سے حکومت کرنے والوں نے ملیر کو تباہی کے سوا کچھ نہیں دیا یہاں کے لوگوں نے ہمیشہ پیپلز پارٹی کو منتخب کیا۔ ادھر پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنماء اور سابق وفاقی وزیر مخدوم فیصل صالح حیات نے مسلم لیگ ن میں شامل ہونے کا فیصلہ کرلیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف اور پارٹی کے صدر شہباز شریف کل ایک روزہ دورے پر ضلع جھنگ کے علاقہ شاہ جیونہ جائیں گے، جہاں سے تعلق رکھنے والے پیپلز پارٹی پنجاب کے اہم رہنماء اور سابق وفاقی وزیر مخدوم فیصل صالح حیات اس موقع پر مسلم لیگ ن میں شمولیت کا اعلان کریں گے۔ بتایا جاہا ہے کہ جھنگ، جنوبی پنجاب اور فیصل آباد سے کئی دیگر اہم سیاسی شخصیات نے بھی مسلم لیگ ن میں شمولیت کا اعلان کیا ہے۔

سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف سے ملاقات میں سابق ارکان اسمبلی اور سیاسی شخصیات نے پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا، مولانا ایم آصف معاویہ، بابر خان سیال، مسز نیلم سیال، مہر اسلم بھروانہ، شیخ ایم یونس، خالد محمود سرگانہ مسلم لیگ ن میں شامل ہونے والوں میں شامل ہیں۔ اسی طرح چوہدری خالد غنی، امیر عباس سیال، فیصل حیات جبوانہ، شیخ یعقوب، مسز شیخ یعقوب، رئیس محمد ابراہیم بھی مسلم لیگ ن میں شامل ہوگئے، مزاری قبیلے کی سرکردہ سیاسی شخصیت سردار ریاض خان مزاری اور سابق سپیکر پنجاب اسمبلی دوست محمد خان مزاری نے مسلم لیگ ن میں شامل ہونے کا اعلان کیا، اس موقع پر شہباز شریف نے مسلم لیگ ن میں شامل ہونے والوں کا خیر مقدم کیا اور مبارک دی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close