جہانگیر ترین کتنے حلقوں سے الیکشن لڑیں گے؟ فیصلہ کرلیا

لاہور (پی این آئی ) استحکام پاکستان پارٹی کے پیٹرن انچیف جہانگیر ترین نے قومی اسمبلی کے 3 حلقوں سے الیکشن میں حصہ لینے کا فیصلہ کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق سربراہ آئی پی پی جہانگیر ترین این اے 155 لودھراں اور پی پی 227 لودھراں سے انتخابات میں حصہ لیں گے، اس کے علاوہ جہانگیر ترین این اے 149 ملتان سے بھی الیکشن میں حصہ لیں گے، اس مقصد کے لیے جہانگیر ترین کی لیگل ٹیم آج این اے 149 ملتان اور پی پی 227 لودھراں سے کاغذات نامزدگی جمع کروائے گی جب کہ آئی پی پی سربراہ دو روز قبل این اے 155 لودھراں سے کاغذات نامزدگی جمع کروا چکے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ آئی پی پی نے حلقوں کی امیدواروں کی فہرست بنا لی، پارٹی صدر عبدالعلیم خان لاہور، عون چوہدری سمندری اور فرخ حبیب فیصل آباد سے انتخابات میں حصہ لیں گے،تاہم فرخ حبیب کو عابد شیر علی والے حلقے کی بجائے کسی دوسرے حلقے سے ایڈجسٹ کیا جائے گا،اسحاق خاکوانی وہاڑی ، فردوس عاشق اعوان کو سیالکوٹ سے انتخابی میدان میں اتارا جائے گا۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ سابق صوبائی وزیر مراد راس لاہور، خالد محمود شیخو پورہ، ایاز خان نیازی خانیوال اور نعمان لنگڑیال ساہیوال سے الیکشن لڑنے کے خواہش مند ہیں۔

عمران اسماعیل اور محمود مولوی کراچی سے، فیاض چوہان راولپنڈی، اجمل چیمہ فیصل آباد، مامون جعفر حافظ آباد اور رانا نذیر کامونکی سے الیکشن لڑیں گے، گل اصغر اور احسان ٹوانہ خوشاب سے قسمت آزمائی کریں گے،محمد ذوالفقار چکوال، محمد انور اٹک اور صمصام بخاری اوکاڑہ اور چوہدری نوریز شکور ساہیوال سے الیکشن لڑیں گے جب کہ ہاشم ڈوگر، طالب نکئی اور آصف نکئی قصور سے الیکشن میں حصہ لیں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close