الیکشن کمیشن کا حلقہ بندیوں پر اعتراضات سے متعلق اہم فیصلہ سامنے آگیا

اسلام آباد (پی این آئی) الیکشن کمیشن نے حلقہ بندیوں پر اعتراضات عام انتخابات کے بعد سننے کا فیصلہ کیا ہے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ نے شیڈول اجراء کے بعد حلقہ بندیوں پر اعتراضات کو سننا انتخابی پروگرام کو متاثر کرنے کے مساوی قرار دیا ہے۔ خیال رہے کہ گزشتہ دنوں سپریم کورٹ نے کوئٹہ کی 2 صوبائی نشستوں پر حلقہ بندیوں کیخلاف اپیل پر فیصلہ سنایا تھا، قائم مقام چیف جسٹس سردار طارق مسعود کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے فیصلہ سنایا۔سپریم کورٹ نے ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف الیکشن کمیشن کی اپیل منظور کرتے ہوئے بلوچستان ہائی کورٹ کا حلقہ بندیوں کیخلاف فیصلہ کالعدم قرار دیا تھا۔ واضح رہے کہ عام انتخابات 2024 کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا آج آخری روز ہے۔عام انتخابات میں حصہ لینے والے سیاسی رہنماؤں کی جانب سے کاغذات نامزدگی کے حصول اور جمع کرانے کا سلسلہ جاری ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز الیکشن کمیشن نے سیاسی جماعتوں کے مطالبے پر کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی تاریخ میں 2 روز کی توسیع کی تھی، الیکشن کمیشن کے نظرثانی شدہ شیڈول کے مطابق کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 25 سے 30 دسمبر تک ہوگی۔ ای سی پی کے مطابق ریٹرننگ افسر کے فیصلوں کیخلاف اپیل 3 جنوری تک دائر ہوگی، پولنگ شیڈول کے مطابق 8 فروری 2024 کو ہوگی۔دوسری جانب تین روز میں لاہور میں قومی اسمبلی کی نشستوں پر 89 امیدواروں نے کاغذات جمع کرا دیئے، بلوچستان میں قومی اسمبلی کی 16 نشستوں پر 321، صوبائی اسمبلی کی 51 نشستوں کیلئے ایک ہزار 270 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرادیئے۔

راولپنڈی میں قومی اسمبلی کی 4 نشستوں پر 78 امیدوار سامنے آگئے، صوبائی اسمبلی کی 8 نشستوں پر 243 کاغذات نامزدگی جمع ہوچکے، اسلام آباد کے تین حلقوں میں 45 امیدوار میدان میں آگئے۔پشاور میں قومی اسمبلی کی 5 نشستوں کیلئے 54 امیدواروں نے کاغذات جمع کرائے، بانی پی ٹی ائی کے کاغذات نامزدگی این اے 89 میانوالی سے جمع کرائے گئے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close