احد چیمہ کو عہدے سے نہ ہٹانے پر نگران حکومت مشکل میں پڑ گئی

اسلام آباد ( پی این آئی) وزیراعظم کے مشیر احد خان چیمہ کو عہدے سے نہ ہٹانے کے معاملے پر نگران حکومت کے خلاف توہین الیکشن کمیشن کیس سماعت کے لیے مقرر کردیا گیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے نگران حکومت کے خلاف توہین الیکشن کمیشن کا کیس 26 دسمبر صبح 10 بجے سماعت کے لئے مقرر کر لیا ہے، سیکرٹری الیکشن کمیشن نے سیکرٹری کابینہ ڈویژن کو خط میں کہا کہ الیکشن کمیشن نے مشیر وزیراعظم احد چیمہ کو ہٹانے سے متعلق عملدرامد رپورٹ مانگی تھی، احد چیمہ کو مشیر کے عہدے سے ہٹانے کے لیے کوئی بھِی رپورٹ جمع نہیں کرائی گئی، جس کی وجہ سے الیکشن کمیشن نے احمد چیمہ کے معاملے پر سختی سے نوٹس لیا ہے اور الیکشن کمیشن 26 دسمبر کو احمد چیمہ کیس کی سماعت کرے گا۔خیال رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے احد چیمہ کو عہدے سے ہٹانے کا حکم دیا ہوا ہے، اس حوالے سے الیکشن کمیشن میں شفاف انتخابات کیلئے نگران وفاقی وزراء کو ہٹانے کی درخواست پر سماعت ہوئی، اس دوران الیکشن کمیشن نے نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کے مشیر احد چیمہ کو ان کے عہدے سے ہٹانے کا حکم دیا، کابینہ ڈویژن کو ہدایت کی گئی کہ احد چیمہ کو فوری وزیراعظم کے مشیر کی پوزیشن الگ کردیا جائے کیوں کہ احد چیمہ گزشتہ کابینہ کا حصہ رہے، اس لیے وہ آئندہ عام انتخابات پر اثر انداز ہو سکتے ہیں۔علاوہ ازیں الیکشن کمیشن عملے کی چھٹیوں اور سرکاری ملازمین کی ٹرانسفر پوسٹنگ پر پابندی عائد کردی گئی ہے، الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ووٹوں کے اندراج، اخراج، تبدیلی اور درستی پر پابندی کے ساتھ ساتھ اپنے ادارے کے افسران و ملازمین اور آر اوز کی چھٹیوں پر بھی پابندی عائد کی ہے۔

الیکشن کمیشن ذرائع نے کہا ہے کہ صوبوں اور وفاق میں سرکاری ملازمین کے ٹرانسفر اور پوسٹنگ پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے، عام انتخابات 2024ء کا شیڈول جاری کرنے کے بعد الیکشن کمیشن نے ملک بھر میں پوسٹنگ اور ٹرانسفر پر مکمل پابندی عائد کی ہے، جس کے تحت حکومتی و سرکاری اداروں میں ہر قسم کی ٹرانسفر اور پوسٹنگ پر مکمل پابندی ہوگی، تاہم کسی بھی ایمرجنسی ٹرانسفر یا پوسٹنگ کیلئے معاملہ الیکشن کمیشن کو بھیجا جائے گا جس کے ساتھ پوسٹنگ اور ٹرانسفر کی وجوہات بھی بتانا ہوں گی۔

close