حکومت نے نکاح نامے میں اہم تبدیلیاں کر دیں

پشاور(پی این آئی)خیبر پختونخوا حکومت نے نکاح نامے میں ختمِ نبوت ﷺ کا حلف لازمی قرار دے دیا۔

محکمہ لوکل گورنمنٹ خیبر پختونخوا کے اعلامیے کے مطابق خیبرپختونخوا حکومت نے مسلم فیملی لاز آرڈیننس میں ترامیم کی ہیں، ترامیم مسلم فیملی آرڈیننس کےسیریل نمبر 13 اور 25 میں کی گئی ہیں۔ نکاح نامہ میں کیش، منقولہ وغیرمنقولہ جائیداد کی صورت میں حق مہر کی تفصیلات درج کرنا ہوں گی اور نکاح نامے میں حلف ختم نبوت ﷺ بھی لازمی قرار دیا گیا ہے، دلہا اور دلہن دونوں ختم نبوت ﷺ کا حلف دینے کے پابند ہوں گے۔ نکاح نامے پر دلہا، دلہن، دلہا و دلہن کے وکلا اور گواہان کےدستخط ہوں گے جبکہ نکاح نامے پر نکاح رجسٹرار کے دستخط اور مہر بھی لازمی قرار دیے گئے ہیں۔ دوسری جانب جیو نیوز سے گفتگو میں سیکرٹری لوکل گورنمنٹ خیبر پختونخوا داؤد خان نے کہا کہ صوبائی کابینہ نے مسلم فیملی لاز آرڈیننس میں ترامیم کا فیصلہ کیا تھا، ترامیم نکاح خواں کی تعلیمی اہلیت سے متعلق تھیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں