عمران خان سے کاغذات نامزدگی پر دستخط کرنیوالا وکیل جیل سے ہی لاپتہ ہوگیا

راولپنڈی (پی این آئی) بانی پی ٹی آئی عمران خان سے کاغذات نامزدگی پر دستخط کرانے والا وکیل جیل سے لاپتہ ہو گیا۔

پاکستان تحریک انصاف کے مطابق ایڈووکیٹ رائے محمد علی خان بانی پی ٹی آئی سے کاغذات پر دستخط کرانے اڈیالہ جیل کے اندر گئے پھر واپس نہیں آئے۔ رہنما پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ جیل سے کہا جارہا ہے کہ رائے علی خان دستخط کرواکے باہر چلے گئے لیکن ہم کب سے باہر کھڑے ہیں وہ باہر آئے ہی نہیں ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اسی دوران شیر افضل مروت اور عمر خان نیازی بھی جیل کے اندر بانی پی ٹی آئی سے ملنے گئے انہوں نے بھی بتایا کہ رائے محمد علی کو اندر نہیں دیکھا۔ واضح رہے کہ توشہ خانہ کیس میں بانی پی ٹی آئی کی نااہلی برقرار ہے، اسلام آباد ہائی کورٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی توشہ خانہ کیس میں ٹرائل کورٹ کا فیصلہ مکمل طور پر معطل کرنے کی متفرق درخواست مسترد کر دی ہے۔ عدالتی فیصلے کے بعد عمران خان کی الیکشن میں شرکت سوالیہ نشان ہے۔ عدالتی فیصلے میں کہا گیا کہ تحریک انصاف نے سزا معطلی کی درخواست میں فیصلہ معطل کرنے کی استدعا ہی نہیں کی تھی ، سپریم کورٹ واضح کر چکی ہے کہ سزا معطلی سے فیصلہ معطل نہیں ہوتا ، قانون میں سزا معطلی کے آرڈر میں نظر ثانی یا ترمیم کی گنجائش نہیں۔ عدالت کا کہنا تھا کہ سزا معطلی کی درخواست دائر کرتے وقت الیکشن کمیشن کا نااہل قرار دینےکا نوٹی فکیشن موجود تھا مگر اس کے باوجود سزا معطلی کی درخواست پر سماعت کے دوران کوئی بحث نہیں کی گئی ، اب سزا کا مکمل فیصلہ معطل کرنے کا غیر معمولی ریلیف مانگا جا رہا ہے۔

ادھر لاہور ہائیکورٹ نے تحریک انصاف کے رہنما و سابق وزیر اعظم عمران خان کے بھانجے حسان نیازی ایڈووکیٹ کے کاغذات نامزدگی پر دستخط کی اجازت کے لئے دائر درخواست پر وفاقی حکومت سمیت دیگر فریقین سے جواب طلب کرتے ہوئے سماعت کل (جمعہ) تک ملتوی کردی ۔لاہورہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی نے حسان نیازی کی والدہ کی جانب سے حسان نیازی کے کاغذات نامزدگی پر دستخط کی اجازت کے لئے دائر درخواست پرسماعت کی۔ درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ الیکشن کا شیڈول جاری ہوگیا ہے،حسان نیازی نہ نااہل ہوئے ہیں اور نا سزا یافتہ ہیں۔ تاہم حسان نیازی کو عدالت کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا پراسیس مکمل کرنے کی اجازت دے ،عدالت نے درخواست وکیل سے استفسار کیا کہ کیا حسان نیازی کو سزا ہوچکی ہے،جس پر درخواست گزارکے وکیل نے کہا کہ حسان نیازی کا ٹرائل چل رہا ہے ابھی وہ نااہل نہیں ہوئے،عدالت نے وفاقی حکومت سمیت دیگر فریقین کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا، عدالت نے سماعت آج تک ملتوی کردی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں