ن لیگ کیساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ، استحکام پاکستان پارٹی کی ترجمان ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے وضاحت کر دی

لاہور (پی این آئی) استحکام پاکستان پارٹی کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ ن لیگ اور آئی پی پی میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ کرنا لیڈرشپ کا کام ہے، کچھ ن لیگی رہنماؤں کی طرح آئی پی پی بھی سیٹ ایڈجسٹمنٹ نہیں چاہتی، ریاست کے ساتھ کھڑی جماعت کیلئے ہمارا مئوقف تبدیل ہوگا، یہاں ووٹ سوشل میڈیا پرنہیں فزیکلی اکاؤنٹ ہوتا۔

انہوں نے کہا کہ آئی پی پی نے جب ن لیگ کے ساتھ بات چیت شروع کی تویہ ترجیح تھی کہ جن لوگوں نے آئی پی پی بطور الیکٹیبلزجوائن کیا تھا، ان لوگوں کی اپنے حلقے کے ساتھ جڑی ایک سیاست ہے، استحکام پاکستان پارٹی ان کی سیاست کا قتل نہیں کرنا چاہتی، انہوں نے اپنے حلقوں میں الیکشن لڑنا ہے، بہت سارے ایسے لوگ جنہوں نے این اے کی نشستوں پر الیکشن لڑنا تھا ، ان کو صوبائی اسمبلی کیلئے لیا گیا۔ کمیٹیوں نے بیٹھ کر بات چیت کی، اب جو چیزیں طے ہونی ہیں فائنل راؤنڈ جو ہوگا وہاں پر اصل حکمت عملی طے ہوگی۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ آئی پی پی اور ن لیگ کی کمیٹیوں میں خواجہ سعد رفیق، رانا ثناء اللہ ، ایاز صادق ہیں،ترجمان عظمیٰ بخاری اور مریم اورنگزیب ہیں،کمیٹی کی طرف سے ایسا کوئی بیان نہیں ہے، ایسی رائے ہماری جماعت میں بھی پائی جاتی ہے ، ہم بھی نہیں چاہتے کہ سیٹ ایڈجسٹمنٹ ہو، یہ لیڈرشپ کا کام ہے کہ رہنماؤں کی رائے کو کیسے بدلنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ استحکام پاکستان پارٹی اور پی ٹی آئی میں بڑا فرق ہے، استحکام پاکستان پارٹی پاکستان کے استحکام کیلئے بنائی گئی ہے، جو جماعت ریاست کے ساتھ کھڑی ہوگی اس کیلئے ہمارا مئوقف تبدیل ہوگا۔الیکشن کا ماحول ہے ہم اس کیلئے پوری طرح تیاری کررہے ہیں، تمام محب وطن پارٹیوں سے بات چیت کررہے ہیں۔

تصادم اور ٹکراؤکی نفی کرنے کیلئے فرنٹ فٹ پر آکر کھیلنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ میں نے ہمیشہ اپنے زوربازو پر انحصار کیا ہے، اپنی جنگ خود لڑی ہے، کل کاغذات نامزدگی جمع کرواؤں گی۔ اگر پی ٹی آئی کا بیانیہ بدل جائے وہ ریاست کے ساتھ کھڑی ہوجائے ، امن اس کے منشور کا ایجنڈا ہو، پھر ہم اس کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔ پاکستان کے قانون کے مطابق ووٹ فزیکلی ہوتا ہے، سوشل میڈیا پر دیا گیا ووٹ اکاؤنٹ نہیں کیا جاتا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close