سردار لطیف کھوسہ کو تحریک انصاف میں اہم عہدہ مل گیا

راولپنڈی(پی این آئی) تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان نے سردار لطیف کھوسہ کو پی ٹی آئی کا سینئر نائب صدر مقرر کردیا۔

اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سردار لطیف کھوسہ نے لاہور سے الیکشن لڑنے کا بھی اعلان کردیا، اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ آج نیب نے توشہ خانہ کیس میں ریفرنس دائر کیاہے لیکن نقول فراہم نہیں کیں۔انہوں نے کہا کہ’ہمارے امیدواروں کو کاغذات نامزدگی حاصل کرنے میں مشکلات آرہی ہیں اور انہیں کاغذات نامزدگی نہیں مل رہے، اس حوالے سے ہم سارے ہائی کورٹس میں درخواستیں دائرکریں گے، ہم گزارش کررہےہیں کہ یہ کیسی لیول پلئینگ فیلڈ ہے‘۔ پی ٹی آئی کے نئے سینئر نائب صدر نے کہا کہ ’ہمیں اسکروٹنی سرٹیفکیٹس کے حصول میں بھی تکالیف ہیں،صرف دو دن باقی ہیں، امید ہے کہ ہمیں پاکستان کی عدالتیں انصاف دیں گی، آئین اور قانون کے تحت کسی امیدوار کو کاغذات نامزدگی حصول میں مشکلات نہیں ہونی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے عوام کی سیاست ترک کردی ہے اور اب وہ طاقت کی سیاست کررہی ہے۔

لطیف کھوسہ نے مزید کہا کہ عمران خان نے کہا ہے کہ فوج ہماری ہے، ہمارا کام ان کی حفاظت کرنا اور ان کا مقصد ہماری حفاظت ہے، ہماری فوج مضبوط فوج ہے، فوج نے بہت قربانیاں دی ہیں،، فوج کی بھی حدود و قیود ہیں، کوئی بھی ادارہ اپنی حدود سے باہر نہ آئے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں