سابق چیف جسٹس کے گھر پر حملہ، دھماکے کی اطلاعات

لاہور (پی این آئی) سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے گھر میں دھماکہ،دھماکے کے باعث گھر کو نقصان پہنچنے کی اطلاعات، پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔

پاکستان کے سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے گھر میں زور دار دھماکہ ہوا ہے۔ دھماکہ سابق چیف جسٹس کے گھر کے گیراج میں ہوا، جس کے نتیجے میں گھر کی کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔دھماکے کے بعد پولیس فوری طور پر سابق چیف جسٹس کے گھر پہنچ گئی، جبکہ دھماکے کی نوعیت معلوم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، تاہم دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ گھر کے گیراج میں گڑھا پڑ گیا۔ بتایا گیا ہے کہ دھماکے کے باعث کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ میاں ثاقب نثار اپنے اہلخلانہ کے ہمراہ گھر میں ہی موجود تھے، یہ لاہور میں ان کا آبائی گھر ہے۔مزید بتایا گیا ہے کہ سابق چیف جسٹس کو کچھ عرصے سے دھمکیاں بھی مل رہی تھیں، جبکہ ان کے گھرپر تعینات سیکورٹی جس میں رینجرز بھی شامل تھی، اسے بھی ہٹایا جا چکا۔ سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے گھر میں دھماکہ ہونے کے معاملے کے حوالے سے مزید تفصیلات سامنے آئی ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ لاہور کے علاقے گارڈن ٹاون میں واقع میاں ثاقب نثار کے گھر پر 2 نامعلوم افراد کی جانب سے حملہ کیا گیا، حملہ آور موٹرسائیکل پر سوار تھے، جو دستی بم گھر کے اندر پھینک کر فرار ہو گئے۔ پولیس کے مطابق دستی بم پھٹنے کے نتیجے میں گھر کے گیٹ پر سیکورٹی پر معمور 2 پولیس اہلکار زخمی ہو گئے، جبکہ گیراج میں کھڑی گاڑی کو نقصان پہنچا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں