لاہور ( پی این آئی ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء حسان نیازی نے عام انتخابات میں حصہ لینے کا فیصلہ کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق حسان نیازی کی والدہ نے کاغذات نامزدگی پر دستخط کی اجازت کے لیے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا ہے، درخواست میں وفاقی و پنجاب حکومت اور کمانڈنگ آفیسر کو فریق بنایا گیا ہے، ان کا درخواست میں مؤقف ہے کہ الیکشن کمیشن نے انتخابی شیڈول کا اعلان کر دیا ہے، حسان نیازی نہ نا اہل ہیں اور نہ ہی سزا یافتہ ہیں۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ حسان نیازی اس وقت ملٹری کسٹڈی میں ہیں، لاہور ہائیکورٹ حسان نیازی کو کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا عمل مکمل کرنے کی اجازت دے، عدالت اوتھ کمشنر کو حسان نیازی سے ملاقات کرکے کاغذات نامزدگی کی تصدیق اور دستخط کی اجازت دے۔اسی طرح سوشل میڈیا ایکٹوسٹ صنم جاوید خان نے بھی عام انتخابات میں جیل سے حصہ لینے کا اعلان کیا ہے، ان کے والد نے بتایا کہ صنم جاوید لاہور سے صوبائی اسمبلی کی نشست پی پی 150 سے کاغذات نامزدگی جمع کرائیں گی، صنم جاوید کے الیکشن میں حصہ لینے کے لیے متعلقہ دستاویزات اکٹھی کررہے ہیں، وہ پی ٹی آئی کی ٹکٹ پر الیکشن لڑیں گی، جس کے لیے کاغذات نامزدگی حاصل کر رہے ہیں، صنم جاوید خواتین کی مخصوص نشستوں پر بھی کاغذات نامزدگی جمع کرائیں گی۔
پاکستان تحریک انصاف نے پارٹی ٹکٹ کے خواہش مند افراد کو کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ 8 فروری کے انتخابات کے ٹکٹ اگلے دو ہفتوں میں فائنل ہوں گے، امیدوار ٹکٹ کا انتظار کیے بغیر 22 دسمبر تک کاغذات نامزدگی جمع کروادیں، فارم پر کرنے کے لیے کسی ماہر وکیل کی خدمات حاصل کرکے کاغذات جمع کروائیں، الیکشن کے طریقہ کار کے ماہرین اور حلقے کے وکلاء کو اپنی ٹیم کا لازمی حصہ بنائیں۔ہدایت نامہ میں کہا گیا ہے کہ کاغذات حاصل کرنے یا جمع کروانے یا سکروٹنی کیلئے امیدوار کا موجود ہونا ضروری نہیں، پی ٹی آئی کے امیدوار اپنے تجویز کنندہ اور تائید کنندہ کی حفاظت یقینی بنائیں، کاغذات نامزدگی جمع کرانے وقت پارٹی ٹکٹ منسلک کرنا ضروری نہیں، پارٹی ٹکٹ 11 جنوری تک جمع کروایا جا سکتا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں