تعلیمی اداروں میں طویل چھٹیوں کا اعلان

پشاور (پی این آئی) خیبرپختونخواہ کے تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی کئی ماہ کی تعطیلات کا اعلان، صوبے کے پہاڑی علاقوں میں واقع تعلیمی اداروں میں فروری کے آخری ہفتے تک تعطیلات رہیں گی۔

تفصیلات کے مطابق صوبہ خیبرپختونخواہ کے سرکاری اسکولوں میں موسمِ سرما کی تعطیلات کا اعلان کر دیا گیا۔ اعلامیے کے مطابق میدانی علاقوں کے اسکولز میں موسمِ سرما کی تعطیلات 23 سے 31 دسمبر تک ہوں گی۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پہاڑی علاقوں میں اسکولز میں 23 دسمبر سے 29 فروری 2024ئ تک تعطیلات ہوں گی۔ اس سے قبل بلوچستان میں سردی کی شدت میں اضافہ ہونے کے بعد تعلیمی اداروں کیلئے موسم سرما کی تعطیلات کا اعلان کر دیا گیا۔ ملک کے دیگر صوبوں خاص کر پنجاب، سندھ اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے تعلیمی اداروں کو ملنے والی موسم سرما کی 2 ہفتوں کی تعطیلات کے برعکس، بلوچستان کے بیشتر علاقوں کے تعلیمی ادارے ڈھائی ماہ کیلئے بند رہیں گے۔حکومت بلوچستان نے تعلیمی اداروں کے لئے موسم سر ما کی تعطیلات کا باقاعدہ اعلامیہ اور نوٹیفیکیشن جاری کر دیا ہے۔ سیکر ٹری کالجز ہائیر اینڈ ٹیکنیکل ایجو کیشن ظفر علی بلیدی کے جاری کر دہ اعلامیہ کے مطابق بلوچستان کے سرد علاقوں میں تعلیمی ادارے 16 دسمبر 2023سے 29 فروری 2024تک موسم سرما کی تعطیلات کی مناسبت سے بند رہیں گے۔

صوبے کے سرد علاقوں میں نئے تعلیمی سال کا آغاز یکم مارچ سے ہوگا۔بتایا گیا ہے کہ بلوچستان اور اور خیبرپختونخواہ کے پہاڑی علاقوں میں موسم سرما کی شدت بے انتہاء ہوتی ہے، ان علاقوں میں دسمبر سے فروری تک خون جما دینے والی سردی پڑتی ہے اور درجہ حرارت نقطہ انجماد سے بھی گر جاتا ہے۔ اسی لیے ان دونوں صوبوں کے بیشتر علاقوں کے تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی ڈھائی ماہ کی تعطیلات دی جاتی ہیں۔ یہاں واضح رہے کہ پنجاب کے تعلیمی اداروں کیلئے موسم سرما کی تعطیلات کا اعلان کیا جا چکا، صوبے کے تعلیمی ادارے موسم سرما کی تعطیلات کے باعث 18 دسمبر سے 31 دسمبر تک بند رہیں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close