الیکشن کمیشن نے اہم نگران وزیر کو عہدے سے ہٹانے کا حکم دیدیا

اسلام آباد (پی این آئی ) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے احد چیمہ کو عہدے سے ہٹانے کا حکم دے دیا۔

 

 

 

تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن میں شفاف انتخابات کیلئے نگران وفاقی وزراء کو ہٹانے کی درخواست پر سماعت ہوئی، اس دوران الیکشن کمیشن نے نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کے مشیر احد چیمہ کو ان کے عہدے سے ہٹانے کا حکم دے دیا، اس حوالے سے کابینہ ڈویژن کو ہدایت کی گئی ہے کہ احد چیمہ کو فوری وزیراعظم کے مشیر کی پوزیشن الگ کردیا جائے کیوں کہ احد چیمہ گزشتہ کابینہ کا حصہ رہے، اس لیے وہ آئندہ عام انتخابات پر اثر انداز ہو سکتے ہیں جب کہ نگران وزیر فواد حسن فواد کے معاملے پر 21 دسمبر کو سماعت ہوگی۔بتایا جارہا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے آزادانہ، غیرجانبدار، صاف شفاف عام انتخابات کیلئے نگران وفاقی وزراء کو ہٹانے کی درخواست سماعت کیلئے مقرر کردی ہے، الیکشن کمیشن درخواست پر 21 دسمبر کو دن ایک بجے سماعت کرے گا، اس حوالے سے درخواست گزار نے مبینہ جانبدار وزراء کو نگران وفاقی کابینہ سے ہٹانے کی استدعا کررکھی ہے، جس پر الیکشن کمیشن نے تمام فریقین کو نوٹسز جاری کردیئے، الیکشن کمیشن نے نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ، نگران وفاقی وزیر فواد حسن فواد کو بھی نوٹس جاری کیا۔علاوہ ازیں الیکشن کمیشن عملے کی چھٹیوں اور سرکاری ملازمین کی ٹرانسفر پوسٹنگ پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

 

 

 

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ووٹوں کے اندراج، اخراج، تبدیلی اور درستی پر پابندی کے ساتھ ساتھ اپنے ادارے کے افسران و ملازمین اور آر اوز کی چھٹیوں پر بھی پابندی عائد کی ہے۔ الیکشن کمیشن ذرائع نے کہا ہے کہ صوبوں اور وفاق میں سرکاری ملازمین کے ٹرانسفر اور پوسٹنگ پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے، عام انتخابات 2024ء کا شیڈول جاری کرنے کے بعد الیکشن کمیشن نے ملک بھر میں پوسٹنگ اور ٹرانسفر پر مکمل پابندی عائد کی ہے، جس کے تحت حکومتی و سرکاری اداروں میں ہر قسم کی ٹرانسفر اور پوسٹنگ پر مکمل پابندی ہوگی، تاہم کسی بھی ایمرجنسی ٹرانسفر یا پوسٹنگ کیلئے معاملہ الیکشن کمیشن کو بھیجا جائے گا جس کے ساتھ پوسٹنگ اور ٹرانسفر کی وجوہات بھی بتانا ہوں گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں