پیپلزپارٹی نے تحریک انصاف کی ایک اور اہم وکٹ گرادی

ملتان (پی این آئی) پی ٹی آئی کے سابق رکن اسمبلی ملک واصف مظہر راں نے پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان کردیا، پیپلزپارٹی قیادت نے ان کی شمولیت کا خیر مقدم کیا ہے۔

 

 

 

تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے ملتان پی پی 218 سے سابق ایم پی اے ملک واصف مظہر راں نے پی ٹی آئی کو چھوڑنے کے بعد آج پاکستان پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیار کرلی ہے، پیپلزپارٹی کی قیادت نے پارٹی میں ان کی شمولیت کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ ملک واصف مظہرراں کی شمولیت سے جنوبی پنجاب میں پارٹی مزید مضبوط ہوگی۔ اسی طرح ملک واصف مظہر راں نے کہا کہ پیپلزپارٹی ہی واحد جماعت ہے جو ملک کو آگے لے کر جاسکتی ہے۔ اس وقت صرف پیپلزپارٹی پاکستان کی بات کررہی ہے۔ یاد رہے اس سے قبل رواں سال جون میں 9مئی واقعات کی مذمت کرتے ہوئے ملک واصف مظہر راں نے پی ٹی آئی کو خیرباد کہہ دیا تھا اور سیاسی سرگرمیوں سے کچھ عرصے کیلئے علیحدہ ہوگئے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ 9 مئی کے واقعات میں ملوث افراد کو قرار واقعی سزا ملنی چاہیئے۔ مزید برآں ایکس پر پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنماء نیر بخاری کا کہنا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی عوامی حمایت سے اکثریت حاصل کرے گی اور بلاول بھٹو زرداری وزیر اعظم ہوں گے، پاکستان پیپلز کے پاس معاشی ترقی کا قابل عمل پلان موجود ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی محکوم طبقات کی موثر آواز ہے، آنے والے انتخابات میں حکومت بنا کر عوامی مسائل حل کریں گے، تعلیم صحت زراعت کے شعبوں کو مزید ترقی دیکر عوام آلناس کی سہولیات میں اضافہ کرینگے۔ پاکستان پیپلز پارٹی ملکی سالمیت اور بقاء کی ضامن اور محنت کشوں کے حقوق کی ترجمان جماعت ہے، پیپلز پارٹی جمہوری سیاسی موقف اور عوامی حقوق بیانیہ پر کھڑی ہے ۔ نیر بخاری نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا اصولی موقف تھا کہ آئینی تقاضہ پورا کیا جائے انتخابات بروقت ہوں۔ مسلم لیگ ن سے مستعفی ہو کر پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والی چیئرمین ویلج کونسل گوگا خان جدون کو مبارکباد دیتا ہوں۔ اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی ایبٹ آباد کے ضلعی صدر سرفراز خان جدون اور دیگر قیادت بھی موجود تھی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں