لاہور (آئی این پی) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کافیصلہ قوم کے احساسات کی ترجمانی ہے، الیکشن التوا کی سازشیں دم توڑ گئیں، شکوک وشبہات ختم ہوگئے ۔ الیکشن کمیشن صاف شفاف انتخابات کرا کے تاریخ میں مقام بنائے۔ بدامنی سب سے بڑا مسئلہ، ملک میں امن و استحکام کے لیے مضبوط فوج اورپولیس کے ساتھ عوامی حمایت یافتہ حکومت کی تشکیل لازم ہے۔ جماعت اسلامی اقتدار میں آکر ملک میں امن قائم کرے گی تاکہ خوشحالی و ترقی کے راستے کھلیں، ملک آگے بڑھے ۔ ن لیگ، پیپلزپارٹی باربار آزمائی جاچکیں، پی ٹی آئی نے پونے چار سال ضائع کیے،
جماعت اسلامی ہی بہترین متبادل ہے، عوام ترازو پر مہر لگا کر ملک میں حقیقی تبدیلی لائیں۔ گوجرانوالہ میں خوشحال پاکستان کارواں سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ دو خاندان ملک میں بادشاہت کا نظام چاہتے ہیں ، انہوں نے سالہا سال حکومت کی اور اپنی جائیدادیں بنائیں ، بیرون ملک آف شور کمپنیاں تشکیل دی گئیں، حکمرانوں نے ملک کے وسائل لوٹ کر اپنی اولادوں کا مستقبل محفوظ، قوم کے بچوں کا تباہ کیا، کوئی ادارہ ، عدالت طاقتور حکمران طبقہ کا احتساب نہیں کرسکی، عوام ووٹ کی طاقت سے ہی کرپٹ مافیا، ظالم جاگیرداروں کا احتساب کرسکتی ہے۔ امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی جاوید قصوری اور امیر ضلع مظہر اقبال رندھاوا بھی اس موقع پر موجود تھے۔خوشحال پاکستان کارواں کا آغاز راہوالی شوگر ملز چوک سے ہوا ،امیر جماعت کے استقبال کے لیے شہر کے اٹھارہ مقامات پر استقبالیہ کیمپس لگائے گئے تھے ، جے آئی یوتھ اور کارکنان کے علاوہ بڑی تعداد نے سراج الحق کا استقبال کیا ، لوگوں نے اہل فلسطین اور ملک میں اسلامی نظام کے حق میں نعرے لگائے، امیر جماعت نے دھلے چوک میں اختتامی خطاب کیا اور گجرانوالا کے ووٹرز سے 8فروری کو ترازو کے حق میں فیصلہ دینے کی اپیل کی۔ سراج الحق نے کہا کہ 16دسمبر ملک کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے،
اسی روز پاکستان دولخت ہوا، سانحہ اے پی ایس پشاور ہوا۔ دشمنوں کی سازشوں اور سابقہ حکمرانوں کی نالائقیوں کی وجہ سے قوم کو زخم آئے، اسلامی نظام نافذ ہوجاتا تو مشرقی پاکستان کبھی بنگلہ دیش نہ بنتا۔ قوم متحد ہوجائے، جماعت اسلامی پر اعتماد کرے، جماعت ہی ملک کو اسلامی نظام دے کر اسے متحد کرسکتی ہے، اتحاد و اتفاق سے ہی بدامنی کو شکست ہوگی ۔انہوں نے کہا آج چاروں طرف قتل و غارت اور دہشت گردی ہے ، حملوں میں سکیورٹی فورسز کے جوان شہید ہوتے ہیں ، ملک دشمن طاقتیں یہاں امن تباہ کرنا چاہتی ہیں ۔ قوم حالات سے پریشان ہے ،بدامنی کے ساتھ مہنگائی اور بے روزگاری کا طوفان ہے، نوجوان نسل مایوس ہوکر ملک سے بھاگ رہی ہے، پونے تین کروڑ بچے سکولوں سے با ہر ہیں ،حکمرانوں نے قوم کو تعصبات پر تقسیم کیا ۔ انسان مریخ پر جارہا ہے، ہمارے یہاں لوگ دو وقت کی روٹی کمانے کی کشمکش میں ہیں، وسائل سے مالا مال ملک کو حکمرانوں کی نالائقیوں نے تباہ کیا، ایک ہی طبقہ کے لوگ سالہا سال سے مسلط ہیں، آئی ایم ایف، ورلڈ بنک کی غلامی سے نجات کے لیے عوام ترازو پر مہر لگائیں، ترازو امن سلامتی، کرپشن فری پاکستان اور قانون و انصاف کی بالادستی کا نشان ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوم کو فرسودہ نظام اور اس کے وفاداروں سے آزادی چاہیے،لوگ عزت و وقار سے ساتھ جینا چاہتے ہیں، جب تک خاندانوں کی حکومتیں قائم رہی،
ملک کی تقدیر نہیں بدلے گی، پاکستان خاندانوں کی حکومتوں کے لیے نہیں بنا۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے کشمیر کا سودا کیا، پوری دنیا فلسطینیوں کے حق میں آواز بلند کررہی ہے، ن لیگ ، پی پی اور پی ٹی آئی خاموش ہیں، یہ امریکہ کی ناراضی سے خوفزدہ ہیں، یہ اقتدار کے لیے واشنگٹن کی طرف دیکھتے ہیں، عوام 8فروری کو امر یکہ اور آئی ایم ایف کے غلاموں کو شکست دے ۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں