ن لیگ کیساتھ اتحاد ہوگا یا نہیں؟ علیم خان نے بڑا اعلان کر دیا

لاہور (پی این آئی) استحکام پاکستان پارٹی کے صدر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ ن لیگ کے ساتھ کمیٹی کے مذاکرات کا نتیجہ جلد سامنے آئے گا، ہم پارٹی ممبر کی سیاسی گردن اتار کر اپنی سیاست نہیں چمکائیں گے۔

انہوں نے جہانگیرترین ، فردوس عاشق اعوان ودیگر رہنماؤں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا ابھی تک ن لیگ کے ساتھ کوئی اتحاد نہیں ہوا، ہماری کمیٹی کے مذاکرات چل رہے ہیں، ابھی ہمارے مذاکرات ہورہے ہیں، اس کا نتیجہ جلد سامنے آئے گا، ہماری پارٹی کی طرف سے اسحاق خاکوانی مذاکراتی کمیٹی کی رہنمائی کررہے ہیں ،پارٹی کا ہر ممبر ہمارے لئے ترجیح ہے، ہم کسی کی گردن اتار کر اپنی سیاست نہیں چمکائیں گے، کسی پارٹی رکن کی قربانی نہیں دی جائے گی۔ اگرمسائل کے حل کیلئے کسی جگہ میری قربانی کی ضرورت پڑی تو میں عہدوں سے دستبردار ہوجاؤں گا۔ یاد رہے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ہمایوں اختر نے پارٹی چھوڑ کر باقاعدہ طور پر استحکام پاکستان پارٹی میں شمولیت اختیار کر لی ہے۔ہمایوں اختر نے آئی پی پی کے سربراہ جہانگیر ترین سے ملاقات کی۔ اس موقع پر علیم خان، اسحاق خاکوانی، فردوس عاشقوان اور عون چودری بھی موجود تھے۔ ہمایوں اختر نے ملاقات کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے تحریک انصاف چھوڑنے کا اعلان کیا۔انہوں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ نو مئی واقعات کے فورا بعد پی ٹی آئی سے علیحدگی کر لی تھی۔

جہانگیر ترین، علیم خان اور دیگر سے مشورے کے بعد آئی پی پی میں شمولیت کا فیصلہ کیا۔ہمایوں اختر نے آئی پی پی کی قیادت پر بھروسے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی کی قیادت کے مشورے سے اعلان کروں گا کہ کہاں سے الیکشن لڑنا ہے ۔ ہماری پوری قیادت کا پی ٹی آئی پنانے میں اہم کردار رہا ۔میرے لیے ممکن نہیں تھا شہداء کی بے حرمتی کرنے والوں کے ساتھ چلنا۔ملک غربت بے روزگاری مہنگائی میں پستا جارہا ہے، ملک کی کی حالت بہتر کی جاسکتی ہے،خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف سے علیحدگی کے وقت ایک بیان میں ہمایوں اختر خان کا کہنا تھا کہ قیام پاکستان سے لے کر آج تک ہمارے خاندان کا پاک فوج سے لازوال تعلق قائم ہے اور شہید اختر عبدالرحمٰن جس فوج کے جرنیل تھے اس پر ہمیں فخر ہے اور ہمیشہ رہے گا، ہمارے شہداء کا لہو اور قربانیاں یہ قوم کبھی فراموش نہیں کرے گی، 9 مئی کے واقعات نے پوری قوم کی طرح ہمارے خاندان کو بھی انتہائی افسردہ کیا، بالخصوص شہداء کی یادگاروں کو جو نقصان پہنچایا گیا وہ شہید کی اولاد ہونے کے ناطے اُن کے لیے شدید باعثِ رنج تھا اور اس کی جتنی مذمت کی جائے وہ کم ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان حالات میں میرے لیے پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ تعلق جاری رکھنا ممکن نہیں رہا لہٰذا میں پارٹی کو چھوڑنے کا اعلان کرتا ہوں، پاکستان کی قوم نے ہمیشہ افواج پاکستان کا بے انتہا احترام کیا ہے اور مجھے یقین ہے کہ قوم اور اس کے محافظوں کا یہ محبت بھرا رشتہ ہمیشہ قائم رہے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close