رمضان المبارک کے آغاز کی ممکنہ تاریخ سامنے آگئی

لاہور (پی این آئی) رمضان مبارک کے آغاز کی ممکنہ تاریخ سامنے آ گئی۔ تفصیلات کے مطابق ماہ جمادی الثانی کے آغاز کے بعد ماہ مبارک کی آمد میں چند ہفتے ہی باقی رہ گئے۔

گزشتہ روز چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا ابوالخبیر آزاد کی زیرصدارت مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس ہوا، چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے مدینہ منورہ سے اجلاس میں شریک ہوئے اور دعا کروائی۔اجلاس میں ڈی جی وزارت مذہبی امور سید مشاہد حسین خالد، محکمہ موسمیات، سپارکو، وزارت سائنس وٹیکنالوجی کے نمائندے بھی شریک ہوئے۔ رویت ہلال کمیٹی کو ملک بھر سے جمادی الثانی کا چاند نظر آنے کی شہادتیں موصول ہوئیں، جس بناء پر ملک بھر میں جمادی الثانی 1445 کا چاند نظر آنے کا اعلان کیا گیا، وزارت مذہبی امور کے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ اسلام آباد، پشاور، ملتان، اور دیگر علاقوں میں جمادی الثانی کا چاند نظرآنے کی مصدقہ شہادتیں موصول ہوئیں۔نوٹیفکیشن کے مطابق یکم جمادی الثانی 1445 ہجری 15 دسمبر بروز جمعہ کو تھی۔ جبکہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں ماہ جمادی الثانی کے آغاز کے بعد رمضان المبارک کی آمد کا انتظار بھی بڑھ گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ ماہ جمادی الثانی کے آغاز کے بعد اب رمضان المبارک کے آغاز میں 3 ماہ سے بھی کم وقت باقی رہ گیا ہے۔ معروف غیر ملکی ماہر فلکیات نے رمضان المبارک کے آغاز کی ممکنہ تاریخ بھی بتا دی ہے۔

اس حوالے سے امارات فلکیاتی سوسائٹی کی ڈائریکٹر ابراہیم الجروان نے حال ہی میں شائع ہونے والی رپورٹ میں بتایا کہ فلکیاتی حساب سے ظاہر ہوتا ہے اس بار رمضان المبارک مارچ 2024ء کے دوسرے ہفتے میں شروع ہونے کا امکان ہے اور عیدالفطر 10 اپریل کو ہونے کی توقع ظاہر کی جارہی ہے، تاہم سرکاری تاریخوں کا تعین ہونا ابھی باقی ہے اور یہ سرکاری اسلامی چاند دیکھنے والی کمیٹیوں پر مبنی ہوتی ہیں۔واضح رہے کہ امارات فلکیاتی سوسائٹی کی ڈائریکٹر ابراہیم الجروان اسلامی مہینوں خاص کر رمضان المبارک، عید الفطر اور عید الاضحٰی کی تاریخوں کی پیشن گوئیوں کے حوالے سے خاصی شہرت حاصل کر چکے ہیں۔ ابراہیم الجروان اس سے قبل بھی کئی مواقعوں پر اہم اسلامی مہینوں اور تہواروں کی تاریخوں سے متعلق پیشن گوئیاں کر چکے، ان کی کئی پیشن گوئیوں درست بھی ثابت ہو چکیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں