اسلام آباد (آئی این پی)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کے آر اوز سے متعلق نوٹیفکیشن سے الیکشن ملتوی ہونے کا خدشہ ہے، الیکشن کمیشن نے پہلے بھی انتخابات ملتوی ہونے کا بہانہ بنایا ،پنجاب میں ورکرز کنونشن کو خود لیڈ کروں گا۔پارٹی رہنمائوں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے مطابق 8 فروری کو انتخابات ہونے ہیں۔
بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے پہلے بھی انتخابات ملتوی ہونے کا بہانہ بنایا۔ ہم سپریم کورٹ گئے اور 8 فروری کو الیکشن کا فیصلہ کیا گیا ، الیکشن کا شیڈول آنا تھا لیکن جاری نہیں ہوا۔انہوںنے کہا کہ ڈسٹرکٹ افسران کو آر او نہیں بنایا جا سکتا اس سے دھاندلی ہو سکتی ہے۔ ججوں کو ریٹرننگ افسران بنایا جائے جس سے الیکشن شفاف ہوں۔بیرسٹر گوہر علی نے کہا کہ الیکشن میں ایسے افراد کو تعینات کیا جائے جن کا ماضی شفاف ہو۔چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ آج یاکل ہم پنجاب میں کنونشنز سے متعلق شیڈول جاری کریں گے، پنجاب میں ورکرز کنونشن کو خود لیڈ کروں گا۔انہوں نے کہا کہ سائفر کیس میں ان کیمرا ٹرائل کو جلد چیلنج کریں گے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں