جس سیاست میں عمران خان نہیں تو وہ سیاست کرنے کا کوئی فائدہ بھی نہیں، پی ٹی آئی رہنما نے اپنی گرفتاری دیدی

راولپنڈی ( پی این آئی ) پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے سابق رکن پنجاب اسمبلی عمر تنویر بٹ نے عدالت کے سامنے سرینڈر کردیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق 9 مئی کے واقعات کے بعد روپوشی اختیار کرنے والے تحریک انصاف کے سابق ایم پی اے عمر تنویر بٹ نے آج راولپنڈی کی عدالت میں خود کو سرینڈر کردیا، اس مقصد کے لیے عمر تنویر بٹ انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی میں پیش ہوئے، وہ 9 مئی واقعات کے مقدمات میں بھی مطلوب تھے۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمر تنویر بٹ نے کہا کہ جس سیاست میں عمران خان نہیں تو وہ سیاست کرنے کا کوئی فائدہ بھی نہیں ہے، اس لیے آج میں نے کورٹ میں سرینڈر کیا ہے، اپنے اداروں، عدلیہ اور افواج پر پورا یقین ہے کہ انصاف ملے گا اور ہماری بے گناہی ثابت بھی ہوگی، پوری قوم 9 مئی کے واقعات کی مذمت کرتے ہیں، پی ٹی آئی سربراہ عمران خان بھی اس کی مذمت کرچکے ہیں، ہمارا اس میں کوئی کردار نہیں، واقعی یہ ایک سیاہ ترین دن تھا۔دوسری طرف پی ٹی آئی رہنما مراد سعید اور اعظم سواتی سمیت 8 پی ٹی آئی رہنماؤں کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دئیے گئے، اس حوالے سے انسداد دہشت گردی عدلت کی ایڈمن جج عبہر گل خان نے پولیس کی درخواست پر سماعت کی، عدالت نے پولیس کی گاڑیاں جلانے کے کیس میں کارروائی کی، ملزمان کیخلاف تھانہ سرور روڑ میں مقدمہ درج ہے، دوران سماعت تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزمان کی ابھی تک گرفتاری نہیں ہو سکی، ملزمان گرفتاری کے ڈر سے روپوش ہو چکے ہیں، ملزمان کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے جائیں۔

بتایا گیا ہے کہ تفتیشی افسر کی استدعا پر عدالت نے نو مئی جلاؤ گھیراؤ میں ملوث پی ٹی آئی رہنماؤں کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دئیے، مراد سعید اور اعظم سواتی سمیت 8 پی ٹی آئی رہنماوں کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری ہوئے، اغظم خان سواتی، فرخ حبیب، مراد سعید ، زبیر خان نیازی کے وارنٹ جاری کیے گئے، اس کے علاوہ حافظ فرحت، واثق قیوم عباسی، حامد رضا اور امتیاز احمد شیخ کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں