اسلام آباد (آئی این پی)پاکستان تحریک انصاف کے سابق رہنما فیصل واوڈا نے بانی پی ٹی آئی کے کیسز کے حوالے سے کہا ہے کہ سابق چیئرمین پی ٹی آئی نے اپنے پائوں پر خود کلہاڑی ماری ہے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل واوڈا نے کہا کہ سابق چیئرمین پی ٹی آئی کے جو خاص مشیر اور ساتھی تھے وہ عدالتوں میں جا کر وائس نوٹس اور میسیجز دکھا رہے ہیں کہ ہمیں سابق چیئرمین پی ٹی آئی نے ہدایات دی تھیں۔
انہوں نے کہا کہ اسی نشاندہی کی وجہ سے تو میرا سابق چیئرمین پی ٹی آئی سے جھگڑا ہوا تھا۔فیصل واوڈا نے کہا کہ جو گواہ بن گئے میں نے خان صاحب کو کہا تھا کہ یہی آپ کے خلاف جائیں گے۔انہوں نے سابق چیئرمین پی ٹی آئی پر 9 مئی سے جڑے مقدمات اور فوج کی توہین اور اس کے خلاف کارروائی کے حوالے سے کہا کہ اس میں صرف سابق چیئرمین پی ٹی آئی کو آپ سزا نہیں دیں گے بلکہ میاں صاحب کے اوپر فوج کی ہائی جیکنگ کا کیس ہے، پیپلز پارٹی کے اوپر اینٹ سے اینٹ بجانے کا کیس ہے جنہوں نے بھی یہ باتیں کی ہیں، کسی کو بری الذمہ نہیں، جو مولانا صاحب کرتے آئے ہیں انہیں آپ بری الذمہ تو نہیں کر سکتے، آپ یہ تو نہیں کہہ سکتے کہ اس نے دو روپے والا نقصان کیا ہے اسے دس روپے والی سزا دو، نقصان تو سب نے کیا ہے باری تو سب کی آئے گی۔ایک سوال کے جواب میں فیصل واوڈا نے کہا کہ پہلے عدالت نے نواز شریف کو سزا دی اب دوسری عدالت نے انہیں بری کر دیا، تو غلط فیصلے دینے والے ججوں کا ٹرائل کیوں نہیں کیا جاتا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں