لطیف کھوسہ، اعتزاز احسن اور پیپلز پارٹی، آصف زرداری نے کنفیوژن دور کر دیا

اسلام آباد (آئی این پی)سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کو انتخابات میں کامیابی ملی تو بلاول وزیراعظم بن سکتے ہیں، الیکشن کمیشن کو انتخابات کی تاریخ دینے کا اختیار حاصل ہے، 8 فروری سے 8 سے 10 دن آگے بھی ہوجائیں تو کوئی بات نہیں ۔نجی ٹی وی کو دیئے گئے انٹرویو میں آصف علی زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی عام انتخابات میں کامیاب ہوئی تو بلاول بھٹو بھی وزیراعظم ہوسکتے ہیں اور وہ خود بھی پرائم منسٹر بن سکتے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں آصف علی زرداری نے کہا کہ الیکشن 8 فروری 2024 کو نہ بھی ہوں تب بھی کوئی فرق نہیں پڑتا۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو انتخابات کی تاریخ دینے کا اختیار حاصل ہے، 8 فروری سے 8 سے 10 دن آگے بھی ہوجائیں تو کوئی بات نہیں، آج ہوں یا کل الیکشن ضرور ہوں گے۔سابق صدر نے پی ٹی آئی کے بانی چیئرمین پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جو لاڈلا جیل میں ہے، اسے 30 سال پہلے لانچ کیا گیا۔ کم ظرف کو ملک دے کر ملک کا بیڑہ غرق کیا گیا۔انہوں نے انکشاف کیا کہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی نے تحریک عدم اعتماد کے دنوں میں پیپلز پارٹی کو حکومت کی آدھی مدت دینے کی پیشکش بھی کی تھی۔آصف علی زرداری نے کہا کہ پی ٹی آئی کی اگلے انتخابات میں دو تہائی اکثریت سے جیتنے کی باتیں وہ فارن بلاگرز کر رہے ہیں، جنہیں پیسے دیئے جاتے ہیں۔پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین نے واضح انداز میں کہا کہ سردار لطیف کھوسہ ان کی پارٹی میں نہیں ہیں جبکہ اعتزاز احسن لاڈلے کے پڑوسی رہے ہیں، ان کی سیاسی سوچ پی پی سے الگ ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں