منڈی بہاؤالدین (پی این آئی ) پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما قمر زمان قائرہ نے قائد ن لیگ پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ نواز شریف کو لندن روانگی کے وقت سے ہی فیور دیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کسی جماعت سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ نہیں کر رہی، پیپلز پارٹی نے عوام کے سہارے کے علاوہ کبھی سہارا نہیں لیا۔ منڈی بہاء الدین میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قمر زمان کائرہ نے کہا کہ کسی جماعت کو طاقت کے زور پر سیاسی عمل سے باہر نہیں کرنا چاہیے، پاکستان میں سب کو سیاست کرنے کا حق ملنا چاہیے۔ قمر زمان کائرہ نے کہا کہ پی ٹی آئی کے کچھ لوگ اگر کیسز میں ملوث ہیں تو کیسز کے جلد ٹرائل ہونے چاہئیں۔ جزا سزا کا فیصلہ عدالتوں سے ہونا چاہیے، کسی نے قانون توڑا ہے تو شفاف طریقے سے کارروائی کی جائے۔ ادھر قومی سطح کی سیاسی جماعت کی جانب سے لیول پلیئنگ فیلڈ نہ ملنے پر الیکشن کمیشن آف پاکستان سے تحریری طور پر رابطہ کر لیا گیا، الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے چاروں صوبائی حکومتوں کے چیف سیکرٹریزکومراسلہ بھی جاری کر دیا گیا۔ مراسلے میں کہا گیا کہ نگران حکومت کاالیکشن ایکٹ 2017ء کے تحت غیرجانبدار ہونا لازم ہے، تمام سیاسی پارٹیوں کو انتخابی مہم چلانے کیلئے برابری کی سطح پر ماحول مہیاکیاجائے۔
چیف سیکرٹری پنجاب کی ہدایت پر حکومت پنجاب نے صوبہ بھرکے ڈی پی اوز اور ڈی سی اوزکو مراسلہ جاری کردیا۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے چاروں صوبائی حکومتوں کے چیف سیکرٹریزکوجاری کردہ مراسلے میں بتایاگیاہے کہ الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کی تاریخ آئندہ سال 8فروری کو اعلان کردی ہے، اس حوالے سے ایک بڑی سیاسی پارٹی کی جانب سے الیکشن کمیشن آف پاکستان کوتحریری طورپر شدیدتحفظات کااظہارکیاگیاہے، جس میں کہاگیاہے کہ نگراں حکومت ان کے قائدین اور سیاسی ورکرز کولیول پلیئنگ فیلڈ فراہم نہیں کررہی ،جس کی وجہ سے وہ اپنی انتخابی مہم نہیں چلاپارہے اورووٹرز،سپورٹرز کو اپناپیغام نہیں پہنچاپارہے ،جس کی وجہ سے انتخابات کے نتائج میں ان کی جماعت پر برے اثرات مرتب ہوسکتے ہیں،الیکشن کمیشن آف پاکستان تمام سیاسی جماعتوں کو یکساں لیول پلیئنگ فیلڈ فراہم کرنے کی ذمہ دار ہے، لہٰذا نگران حکومتوں کواس حوالے سے تفصیلی ہدایت جاری کی جائے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں