لاہور (پی این آئی) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما ندیم افضل چن نے سربراہ پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف گواہ نہ بننے کا اعلان کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق سابق مشیر وزیراعظم ندیم افضل چن نے سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف گواہی دینے سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ نیب نے سوالات کیے اس دوران جو کچھ بھی پوچھا اس میں سے مجھے جو پتا تھا وہ بتا دیا مگر عدالت میں گواہی نہیں دوں گا۔ ندیم افضل چن کہتے ہیں کہ پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان اس وقت جیل میں ہیں اور میں ان کے خلاف عدالت میں گواہی نہیں دوں گا کیوں کہ آج وہ جیل میں ہیں اور میرا مکتبہ فکر قیدیوں اور مظلوموں پر بولنے والا نہیں ہے، اس لیے عدالت میں کوئی گواہی نہیں دوں گا۔ بتایا جارہا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف سربراہ عمران خان کے خلاف 190ملین پاؤنڈز ریفرنس کیس میں اہم پیشرفت ہوئی ہے، سابق وزیراعظم کے خلاف ریفرنس میں 59 گواہان کو شامل کیا گیا ہے جن کے نام سامنے آئے ہیں، پی ٹی آئی کے دور حکومت کی کابینہ میں سے صرف 3 وفاقی وزراء ہی نیب کے گواہ بنے ہیں، ریفرنس کے گواہان میں پرویز خٹک، ندیم افضل چن اور زبیدہ جلال شامل ہیں۔ معلوم ہوا ہے کہ پرویز خٹک، ندیم افضل چن، زبیدہ جلال، اعظم خان کا ایک ایک صفحے پر مشتمل بیان ہے، سابق پرنسپل سیکریٹری اعظم خان بھی وعدہ معاف گوہ نہیں بنے بلکہ بطور گواہ شامل ہوئے ہیں۔
دیگر گواہان میں قومی احتساب بیورو (نیب)، بینک، سکیورٹی ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) کے افسران اور پٹواری بھی شامل ہیں۔ ذرائع کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ایسیٹ ریکوری یونٹ کے سیکریٹری کے نام بھی گواہوں کی فہرست میں شامل کیے گئے ہیں، سپرنٹنڈنٹ وزیراعظم آفس ندیم بٹ بھی گواہ کے طور پر سامنے آئے ہیں، القادر ٹرسٹ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر اور چیف فنانشل افسر بھی نیب کے گواہان میں شامل ہیں جب کہ متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کا کوئی وفاقی وزیر بانی پی ٹی آئی کے خلاف گواہ نہیں بنا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں