فواد چوہدری کا اپنے اوپر بننے والے کیسز سے متعلق اہم بیان آگیا

راولپنڈی (پی این آئی ) سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ایک کیس ختم ہوگا تو اور بن جائیں گے‘ وجوہات سب کو پتا ہی ہیں۔

 

 

 

تفصیلات کے مطابق فراڈ کیس میں زیرحراست سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کو راولپنڈی کچہری پہنچا دیا گیا، انہیں بکتر بند گاڑی میں عدالت لایا گیا جہاں فواد چوہدری کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی جائے گی۔بتایا گیا ہے کہ سابق وفاقی وزیر کو بکتر بند گاڑی میں جوڈیشل کمپلیکس لایا گیا، انہیں ڈیوٹی جج غلام مصطفٰی کی عدالت میں پیش کیا جائے گا اور ڈیوٹی جج سے فواد چوہدری کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی جائے گی۔ اس موقع پر صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اس وقت مرنا ضروری ہے، دیکھیں کب مرتے ہیں، اب تو مقدمات پر مقدمات بنائے جارہے ہیں، ایک کیس ختم ہوگا تو اور بن جائیں گے، جس کی وجوہات سب کو پتا ہی ہیں، کھاد کی ایک بوری کے بعد چھ بوریوں کا نیا مقدمہ بنے گا۔گزشتہ روز بھی سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کو عدالت پیش کیا گیا، فواد چوہدری کو ہتھ کڑیاں لگا کر عدالت لایا گیا، فواد چوہدری کو ایک روزہ جسمانی ریمانڈ پر محکمہ اینٹی کرپشن پنجاب کے حوالے کر دیا گیا، عدالت پیشی پر انہوں نے میڈیا سے مختصر غیر رسمی گفتگو بھی کی۔

 

 

 

 

اس موقع پر سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے قائد ن لیگ کے نام پیغام دیا، فواد چوہدری نے کہا کہ نواز شریف نے 40 سال بعد بھی نامزد ادارے کے ذریعے اقتدار میں آنا ہے تو کیا فائدہ؟ دنیا میں مذاق ہی بننا ہے، اس لیے بہتر ہے ملک میں سلیکشن کا عمل روک کر الیکشن کا عمل شروع ہونا چاہئیے اور فاصلے کم ہونے چاہئیے۔خیال رہے کہ سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کے خلاف 29 نومبر کو اینٹی کرپشن راولپنڈی نے مقدمہ درج کیا تھا، اینٹی کرپشن جہلم سرکل نے فواد چوہدوری کی کرپشن پر پہلے بھی انکوائری کی تھی، فواد چوہدری کے خلاف درج ہونے والے مقدمے کے مطابق سابق وفاقی وزیر نے نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کے لیے زمینوں کی خریداری میں بے شمار کرپشن کی، جی ٹی روڈ دینہ کے مقام پر پرل گلوبل ہاوسنگ سوسائٹی میں کروڑوں روپے کی رشوت وصول کی، سابق وفاقی وزیر نے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے رشوت لے کر نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کو فائدہ پہنچایا، فواد چوہدری نے اپنے فرنٹ میں شیرباز کے ذریعے نجی ہاؤسنگ سوسائٹی سے رقم وصول کی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں