ڈرائیونگ لائسنس بنوانے والوں کو ایک اور سہولت دیدی گئی

لاہور(پی این آئی) پنجاب حکومت گھر بیٹھے آن لائن ڈرائیونگ لائسنس کیلئے آن لائن سسٹم ڈاٹ نیٹ متعارف کروانے کا فیصلہ کیا ہے، انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا ہے کہ آن لائن لرنر ایپ کل شام اتوار کو ایکٹو ہوجائے گی۔

ریگولر لائسنس کی آن لائن سہولت 25 دسمبر جبکہ رینیول، ڈپلیکیٹ اور انٹرنیشنل لائسنس کی سہولت 17 دسمبر سے میسر ہوگی۔تفصیلات کے مطابق آئی جی پنجاب پولیس ڈاکٹر عثمان انور نے چیئرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ ہمراہ تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب نے فیصلہ کیا کہ پٹرولنگ پوسٹ، خدمت مراکز کے ساتھ ساتھ پولیس اسٹیشنز، آن لائن سسٹم اور ایپ کے ذریعے شہریوں کو لرنگ لائسنس بنوانے کی سہولت فراہم کی جائے۔آئی جی پنجاب پولیس ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ اب سے ڈرائیونگ لرنر، ریگولر ڈرائیونگ لائسنس، انٹرنیشنل ڈرائیونگ لائسنس اور رینیول آف لائسنس کا حصول انتہائی آسان بناتے ہوئے نئے آن لائن سسٹم ڈاٹ نیٹ متعارف کروا رہے ہیں جس کی مدد سے اب شہری گھر بیٹھے آن لائن ڈرائیونگ لائسنس سمیت سہولیات سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں، پہلے سسٹم بیٹھ جاتا تھا، لیکن اب نئے آن لائن سسٹم ڈاٹ نیٹ کے تحت سسٹم کے بیٹھ جانے (collapse) کے خدشات کو دور کیا جاسکے گا۔آن لائن لرنر ایپ کل بروز اتوارشام 6 بجے شروع کی جا رہی ہے۔ جس کے بعد لوگ گھر بیٹھے اپنا لرنر لائسنس حاصل کرسکیں گے۔ آئی جی پنجاب پولیس نے کہا کہ اگر کسی نے لرنر لائسنس کے لئے غلط ڈیٹا ڈالا تو وہ خود ذمہ دار ہوگا، ہم اس کیلئے کراس چیک بھی بنا رہے ہیں۔ آن لائن لرنرز کی سہولت پنجاب پولیس ایپ پر سوموار کو شام چھ بجے ایکٹو ہوجائے گی۔

پنجاب پولیس ایپ کو ڈاؤن لوڈ کرنے پر اس سہولت سے شہری فائدہ اٹھا سکیں گے۔پنجاب بھر کے 735 تھانوں کے فرنٹ ڈیسک پر آن لائن لرنر کی سہولت 10 دسمبر بروزسوموار کو دستیاب ہوگی۔ 2003 کے پرانے سسٹم کو نئے ماڈل 2023 پر اپ ڈیٹ کیا گیا ہے، اب رینیول لائسنس ، ڈپلیکیٹ لائسنس اور انٹرنیشنل لائسنس کی آن لائن سہولت سترہ دسمبر سے میسر ہوگی۔ آئی جی پولیس ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ ریگولر لائسنس کیلئے لوگوں کو لمبی لائن میں انتظار کرنا پڑتا ہے، ہمارے ہزاروں یا لاکھوں نہیں کروڑوں لوگوں نے لائسنس بنوانے ہیں، پچیس دسمبر شام چھ بجے ریگولر لائسنس بھی آن لائن حاصل کیا جاسکے گا۔ آئی جی پولیس نے کہا کہ اس وقت پنجاب پولیس روزانہ ایک لاکھ سے زائد لائسنس بنا کر دے رہی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close